اسلام آباد (اسرار خان) دیامیر بھاشا ڈیم کی تعمیر میں تاخیر ملکی بقا کے لیے خطرہ، سپریم کورٹ کمیٹی نے رکاوٹیں فوری دور کرنے کا حکم دے دیا۔ تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ کی ہدایت پر قائم کمیٹی، جو پاکستان کے اہم دیامر بھاشا ڈیم منصوبے کی نگرانی کر رہی ہے، نے مقامی کمیونٹیز اور صوبائی حکام سے اپیل کی کہ وہ تعمیراتی رکاوٹیں دور کریں اور زمین کے حصول کے عمل کو تیز کریں۔ کمیٹی نے خبردار کیا کہ مزید تاخیر ملک کی پانی، خوراک اور توانائی کی سلامتی کے لیے خطرہ بن سکتی ہے۔ واپڈا کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل (ر) محمد سعید کی زیر صدارت منعقدہ ’دیامیر بھاشا اور مہمند ڈیمز کی عملدرآمد کمیٹی‘ کے اجلاس میں منصوبے کے دو اہم ترین پہلوؤں کا جائزہ لیا گیا۔