• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عید کا موقع: ملے گا پھر ہمیں اپنوں کی دید کا موقع ...

ملے گا پھر ہمیں اپنوں کی دید کا موقع

خُدا کا شُکر ہے، آیا ہے عید کا موقع

خوشی کا وقت ہے، چھوڑو سبھی گلے شکوے

عظیم شخص ہے، ملنے میں جو پہل کر لے

پڑوسیوں کا بھی ہم کو خیال رکھنا ہے

ہر ایک فرد سے ہم کو خوشی سے ملنا ہے

مُسرّتوں کی حسیں یہ نوید ہوتی ہے

بہت عظیم یہ عیدِ سعید ہوتی ہے

بطورِ خاص ہمیں ایک کام کرنا ہے

ہر اِک بَشر کا ہمیں احترام کرنا ہے

جو روٹھے لوگ ہیں اُن کو ہمیں منانا ہے

جو بے سہارا ہیں اُن کو گلے لگانا ہے

گلی گلی میں یہ بچّے سجے دھجے دیکھو

سبھی سے لیتے ہیں عیدی کے وہ مزے دیکھو

نمازِ عید میں لوگوں کا اِک سمندر ہے

قسم خُدا کی بڑا ہی حسین منظر ہے

سبھی گھروں میں سویّاں بنائی جاتی ہیں

بڑے ہی شوق سے ہر گھر میں وہ کھائی جاتی ہیں

ہیں لڑکیوں نے بھی پہنے نئے سلے کپڑے

حنا لگی ہے سب ہی لڑکیوں کے ہاتھوں میں

بُزرگ لوگ بھی خوش ہیں، جو ان بھی شاداں

جسے بھی دیکھو، نظر آرہا ہے وہ خنداں

ہے ارسلان کے لب پر دُعا یہی ہر دم

اِسی طرح یہ خوشی کا سماں رہے قائم

سنڈے میگزین سے مزید