کراچی (اسٹاف رپورٹر) ملتان سلطانز کے سابق مالک علی ترین نے فاسٹ بولرنسیم شاہ کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کھلاڑیوں کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس عموماً ہینڈلرز چلاتے ہیں کیونکہ کھلاڑیوں کے پاس سوشل میڈیا کے لیے وقت نہیں ہوتا، حتیٰ کہ میچ کے دوران بھی ٹوئٹس ہو رہے ہوتے ہیں۔ اتوار کو لاہور ریس کلب میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ نسیم شاہ کا ایکس پر بیان سوشل میڈیا بلنڈر تھا اور اسے اسی تناظر میں لیا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا پی ایس ایل میں پیرتک شائقین کے لیے اچھی خبر آئے گی اور جلد اسٹیڈیمز میں کرکٹ شائقین کی واپسی شروع ہو جائے گی۔ وہ ملتان سلطانز کی جیت کا کریڈٹ نہیں لینا چاہتے، تاہم کھیل کوئی بھی ہو شائقین کے بغیر مزہ نہیں آتا۔ انہوں نے گوہر شاہ کو کم وقت میں اچھی ٹیم بنانے پر سراہا۔ انہوں نے پی ایس ایل کی پروڈکشن کوالٹی بہتر بنانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اچھی پروڈکشن کوالٹی کے بغیر اسپورٹس ایونٹ مکمل طور پر کامیاب نہیں ہو سکتا۔ پی ایس ایل کی کامیابی کا سہرا ابتدائی پانچ فرنچائزز کو جاتا ہے کیونکہ آغاز میں کسی کو یقین نہیں تھا کہ لیگ کامیاب ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل زبردست چیز ہے اور اسے پورا پاکستان دیکھتا ہے۔