• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مصنّف: ڈاکٹر مختیار احمد

صفحات: 374، قیمت: درج نہیں

ناشر: اسلامک سینٹر، جام شورو، سندھ۔

پاکستان کے تعلیمی اداروں میں اسلامیات ایک لازمی مضمون کے طور پر پڑھائی جاتی ہے اور زیرِ نظر کتاب انڈر گریجویٹ طلبا و طالبات کی اِسی ضرورت کے تحت ترتیب دی گئی ہے۔ ڈاکٹر مختیار احمد شعبۂ اسلامیات کے ایک نام وَر استاد، محقّق اور مصنّف ہیں۔ اُن کی15 کتب شایع ہوچُکی ہیں، جن میں سے ایک کتاب بیروت کے عالمی ادارے سے شایع ہوئی ہے۔ اُنھوں نے یونی ورسٹی آف ایڈنبرا (برطانیہ) سے پی ایچ ڈی کی، اسلامک مینیواسکرپٹ ایسوسی ایشن(ٹی آئی ایم اے) کیمبرج کے رُکن اور ہائر ایجوکیشن کمیشن سے منظورشدہ سُپروائزر ہیں۔

اُنھوں نے کتاب کے آغاز میں ایک مختصر، مگر جامع نوٹ کی صُورت طلبہ کی توجّہ اِس امر کی جانب مبذول کروائی ہے کہ اسلامیات کا مضمون دینی تعلیمات سے آگاہی، دنیاوی و اُخروی کام یابیوں کے ساتھ، مقابلے کے امتحانات اور ملازمت کے حصول وغیرہ کے ضمن میں بھی نہایت اہمیت کا حامل ہے۔ 

یہ کتاب دس ابواب میں منقسم ہے، جن میں قرآن، سیرتِ طیبہؐ، احادیث و سنّہ، اسلامی قوانین و عدالتی نظام، اسلام اور سائنس، اسلامی معاشی نظام، اسلامی سیاسی نظام، تاریخِ اسلام، اسلام کا اخلاقی و سماجی نظام اور اسلامی سولائزیشن کے عنوانات کے تحت بیش قیمت معلومات ایک ترتیب سے بیان کی گئی ہیں تاکہ طلبہ اُن سے باآسانی استفادہ کرسکیں۔

نیز، ہر باب کے آخر میں سوالات بھی دئیے گئے ہیں، جن کی مدد سے سبق اچھی طرح یاد کیا جاسکتا ہے۔ حوالہ جات کا اہتمام اِسے اِس نوعیت کی دیگر درسی کتب سے ممتاز و مستند بناتا ہے کہ عام طور پر حاشے یا حوالے کا تکلّف نہیں کیا جاتا، مگر ڈاکٹر مختیار احمد نے اِس علمی و تحقیقی ضرورت کا پورے طور پر خیال رکھا ہے۔ شعبۂ اسلامیات کے طلبہ کے لیے یہ کتاب ایک خُوب صُورت تحفہ ہے۔

سنڈے میگزین سے مزید