• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی کے طلباء کب تک پیپلز پارٹی کی بدانتظامی کی سزا بھگتتے رہیں گے، منعم ظفر

کراچی (اسٹاف رپورٹر) امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے نائب امیر کراچی و اپوزیشن لیڈر کے ایم سی سیف الدین ایڈوکیٹ کے ہمراہ ادارہ نورحق میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی میں جاری میٹرک بورڈ کے امتحانات میں حکومتی نااہلی اور بدانتظامی کے باعث لاکھوں طلبہ کا مستقبل خطرے میں ہے۔آخر کب تک کراچی کے طلبہ پیپلز پارٹی کی صوبائی حکومت کی نااہلی،کرپشن اور بدانتظامی کی سزا بھگتتے رہیں گے، امتحانات سے چند روز قبل کنٹرولر امتحانات کا استعفیٰ،ناتجربہ کار افراد کی اہم عہدوں پر تعیناتی تعلیم کے ساتھ سنگین مذاق ہے۔طلبہ کو بروقت ایڈمٹ کارڈ مہ ملنا، آن لائن سسٹم ناکام رہا اور دستی ایڈمٹ کارڈ کے حصول میں بھی طلبہ و طالبات کو شدید اذیت کا سامنا کرنا پڑا، امتحانات شروع ہوئے تو 520امتحانی مراکز میں سے بیشتر بنیادی سہولیات سے محروم ہیں،پانی ہے، نہ بجلی اور نہ ہی مناسب فرنیچر، بعض مراکز پر بدنظمی کی انتہا دیکھنے میں آئی جہاں طالبات کے مراکز پر طلبہ پہنچ گئے اور مرد اساتذہ کو طالبات کے مراکز میں ڈیوٹیاں دے دی گئیں اور بعض مقامات پر ہوائی فائرنگ کے واقعات بھی پیش آئے ہیں۔ تعلیمی نظام میں کرپشن عروج پر ہے، امتحانی مراکز فروخت کیے جا رہے ہیں۔ صوبہ سندھ میں تعلیمی صورتحال انتہائی تشویش ناک ہے۔تقریباً 78لاکھ بچے اسکولوں سے باہر ہیں۔ 76فیصد تعلیمی ادارے بجلی، 30فیصد پینے کے پانی اور 25فیصد واش روم کی سہولت سے محروم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت عوام کو حقیقی ریلیف دینے میں ناکام ہو چکی ہے۔ پٹرول کی قیمتوں میں معمولی کمی عوام کے ساتھ مذاق ہے جبکہ حکمران اپنی شاہ خرچیاں کم کرنے کے لیے تیار نہیں۔ موجودہ مہنگائی کے دور میں عوام کے لیے دو وقت کی روٹی کا حصول بھی مشکل ہو چکا ہے۔ منعم ظفر خان نے مزیدکہاکہ ہم قابض میئر مرتضیٰ وہاب کی سرپرستی میں سٹی کونسل میں پیپلزپارٹی کی جانب سے بدترین فسطائیت کا مظاہرہ کرنے اور جماعت اسلامی کے ڈپٹی پارلیمانی لیڈر تیمور احمد کو تشدد کا نشانہ بنانے کی شدید مذمت کرتے ہیں۔

شہر قائد/ شہر کی آواز سے مزید