پشاور(گلزار محمد خان )خیبرپختونخوا اسمبلی نے خیبرپختونخوا کیلاش میرج ایکٹ 2026متعارف کرادیا ہے، اس قانون کا مقصد صوبہ میں رہنے والی کیلاش برادری کی شادیوں کو قانونی حیثیت دینا اور انہیں باقاعدہ رجسٹر کرنے کا نظام فراہم کرنا ہے، واضح رہے کہ کیلاش برادری خیبرپختونخوا کے ضلع چترال کے پہاڑی علاقوں میں رہتی ہے یہ اپنی قدیم تہذیب، ثقافت، رسومات اور مذہبی عقائد کی وجہ سے پوری دنیا میں مشہور ہے، ان کی اپنی علیحدہ شادی کی رسومات اور روایات ہیں جنہیں اب سرکاری طور پر قانونی تحفظ دے دیا گیا ہے، نئے قانون کے تحت شادی کیلئے شرائط میں دولہا اور دلہن دونوں کا دماغی طور پر صحت مند ہونا ضروری ہے، دونوں کی شادی کیلئے رضامندی ضروری ہے جبکہ دونوں کی کم از کم عمر 18 سال ہونی چاہئے تاہم قریبی رشتہ داروں جیسے بھائی بہن، چچا زاد وغیرہ میں شادی نہیں کی جا سکے گی ،اس قانون کے تحت کیلاش شادیوں کے رجسٹریشن کا نظام بہت آسان بنا دیا گیا ہے، ویلیج کونسل یا نیبرہوڈ کونسل کی سطح پر رجسٹرار مقرر کئے جائیں گے۔