کراچی ( اسٹاف رپورٹر) پی آئی اے کے قبل از حج آپریشن کا آغاز اتوار 19 اپریل سے ہوگا، قومی ایئر لائنز رواں سال 191پروازوں کے ذریعے 55 ہزارسے زائد عازمین حج کو حجازِ مقدس پہنچائے گی، ترجمان پی آئی اے کے مطابق سرکاری اسکیم کے تحت 49000 سے زائد اور پرائیویٹ حج گروپس کے تحت 6000 سے زائد عازمین پی آئی اے کے ذریعے سفر کریں گے۔ حج آپریشن کے لیے اسلام آباد، کراچی، لاہور، ملتان، فیصل آباد، سیالکوٹ اور کوئٹہ سے براہِ راست پروازیں چلائی جائیں گی۔پی آئی اے قبل از حج آپریشن کے تحت 46پروازوں کے ذریعے اسلام آباد سے15,400سے زائد عازمین حج کو سعودی عرب پہنچائے گا۔ کراچی سے 55 پروازوں کے ذریعے 15,000سے زائد، لاہور سے 34 پروازوں کے ذریعے 12,377، فیصل آباد سے 23 پروازوں کے ذریعے 3,680، ملتان سے 13 پروازوں کے ذریعے 5,383، سیالکوٹ سے 5 پروازوں کے ذریعے 2,075 اور کوئٹہ سے 15 قبل از حج پروازوں کے ذریعے 4,487 عازمین حج کو سعودی عرب پہچا یا جائے گا ۔ حج آپریشن کی پہلی پرواز پی کے 747 سیالکوٹ سے مدینہ منورہ کے لیے 19 اپریل کو رات 01:55 بجے390 سے زائد عازمین کو کے کر روانہ ہو گی۔ فیصل آباد سے پرواز پی کے 4003 بھی 19 اپریل کو ہی دن 11:05بجے 150سے زائد عازمین حج کو لے کر مدینہ منورہ روانہ ہوگی جبکہ ملتان سے پہلی حج پرواز 20 اپریل کو مدینہ منورہ کے کیلئے صبح 06:35 بجے 391عازمین کو لے کر اڑان بھرے گی۔