• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مصنّف: ڈاکٹر محمّد عبدہ یمانی

مترجّم: ڈاکٹر حافظ حقّانی میاں قادری

صفحات: 282، قیمت: درج نہیں

ناشر: مکتبہ الکوثر، کراچی۔

فون نمبر: 2210737 - 0314

حافظ حقّانی میاں قادری معروف ماہرِ تعلیم، مذہبی اسکالر، مصنّف اور مترجّم ہیں۔ اِن دنوں امریکا میں مقیم ہیں اور انٹرنیشنل اسلامک ریسرچ انسٹی ٹیوٹ، میری لینڈ کے ڈائریکٹر کے عُہدے پر فائز ہیں۔ اُنھوں نے عالمِ عربی کے ممتاز محقّق اور مصنّف، ڈاکٹر محمّد عبدہ یمانی کی کتاب’’النبی و والداہ الکریمان‘‘ کا اُردو ترجمہ کرکے گویا عاشقانِ رسولﷺ کو ایک اَن مول تحفے سے نوازا ہے۔

اِس ضمن میں مترجّم کا کہنا ہے کہ’’نبی کریمﷺ کے والدین دینِ حنیف پر تھے اور شرک و بُت پرستی سے بے زار تھے۔ اُن کا صاحبِ ایمان اور جنّتی ہونا، اہلِ سُنت کا عقیدہ ہے۔‘‘ ڈاکٹر حافظ محمّد ثانی نے اپنے15 صفحات پر مشتمل مبسوط علمی و تحقیقی’’پیش لفظ‘‘ میں کتاب، صاحبِ کتاب اور مترجّم کی علمی خدمات سے متعلق اظہارِ خیال کرنے کے ساتھ، عربی زبان میں تحریر کردہ ایسی 34کتب کی فہرست بھی دی ہے، جو نبی کریمﷺ کے والدین کریمین سے متعلق لکھی گئیں۔

نیز، اُنھوں نے علّامہ جلال الدین سیوطیؒ کے کتب و رسائل کا بھی جائزہ پیش کیا ہے، جو اِسی موضوع سے تعلق رکھتے ہیں۔ فاضل مصنّف نے تقریباً تین درجن عنوانات کے تحت نبی کریمﷺ کی والدۂ محترمہ، سیّدہ آمنہؓ اور والدِ گرامی سیّدنا عبداللہؓ کے حالاتِ زندگی بیان کیے ہیں، جن کے ذیل میں خاندانِ نبّوت کی کئی دیگر شخصیات کا بھی ذکر آیا ہے۔

اِسی طرح نبی کریمﷺ کی ابتدائی حیاتِ مبارکہ کی تفصیلات بھی دی گئی ہیں۔ علاوہ ازیں، اُنھوں نے نبی کریمﷺ کے والدین کے مقام و مرتبے سے متعلق علمائے کرام کے اقوال نقل کرنے کے ساتھ، اِس حوالے سے دیگر ضروری اُمور کی بھی مختصر، مگر جامع وضاحت کی ہے۔ یہ موضوع بنیادی طور پر عوام کی بجائے اہلِ علم سے تعلق رکھتا ہے اور اُمید کی جاسکتی ہے کہ اُن کے ہاں اِس نادر کتاب کے اُردو ترجمے کو نہایت اہمیت سے دیکھا جائے گا۔ اِس ترجمے کی ایک اہم خُوبی حواشی کا اہتمام بھی ہے، جس سے مذکورہ موضوع پر مزید تحقیق میں آسانی ہوگئی ہے۔