• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ترتیب و تہذیب: جاوید محسن ملک

صفحات: 370، قیمت: 3000 روپے

ملنے کا پتا: مسٹر بُکس، سُپر مارکیٹ، اسلام آباد۔

فون نمبر: 5279424 - 0333

پروفیسر جاوید محسن ملک ممتاز ماہرِ حیاتیات ہیں اور اِس موضوع پر نیشنل بُک فاؤنڈیشن نے اُن کی40 سے زاید کتب شایع کی ہیں۔ اسلام آباد کے فیڈرل کالجز میں بطور پروفیسر اور پرنسپل تدریسی اور انتظامی خدمات سرانجام دیتے رہے ہیں۔ نیز، وہ اُردو ادب میں بھی اہم مقام کے حامل ہیں اور اِس ضمن میں بھی اُن کی کئی کتب شایع ہوچُکی ہیں۔

جیسے’’ ہستی اپنی حباب کی سی ہے‘‘،’’ نگری نگری‘‘،’’ خیال رکھنا‘‘ اور’’ یادوں کی دھنک۔‘‘ زیرِ نظر کتاب میں اُنھوں نے اُردو کے اہم محقّقین، ناقدین، شعرا اور ادباء کے اِس زبان سے متعلق لگ بھگ 80مضامین یک جا کردئیے ہیں، جب کہ حصّۂ نظم میں معروف شعراء کی اُردو زبان سے متعلق تخلیقات شامل ہیں۔

اِن مضامین کے مطالعے سے اُردو کے تاریخی پس منظر، ادبی جہتوں، تحقیقات اور معاشرتی مقام سمیت درپیش مسائل سے بھی آگہی ہوتی ہے۔ اِس لحاظ سے یہ انتخاب اہم دستاویز ہے کہ اِس میں اردو کی تاریخ، چاشنی، تہذیب، تحقیق کے ساتھ، اُردو کا نوحہ بھی ہے کہ کیسے قومی زبان آج تک وہ مقام حاصل نہ کرسکی، جو اِس کا حق تھا اور ہے۔

پروفیسر ڈاکٹر شیر علی کے مطابق،’’ اِس کتاب سے قاری اُردو کی ابتدا، ارتقاء، نفاذ کے راستے میں حائل رکاوٹوں اور لسانی پیچیدگیوں کا بخوبی اندازہ کرسکتا ہے۔‘‘ سیّد اظہار الحسن بخاری اور محمّد شاہد دھریجہ نے بھی اپنے مضامین میں پروفیسر جاوید محسن ملک کی اِس کتاب کی افادیت و اہمیت اجاگر کرتے ہوئے اِسے نفاذِ اُردو کی جدوجہد کا ایک اہم باب قرار دیا ہے۔ بہرکیف، یہ کتاب اُردو سے محبّت رکھنے والوں کے لیے ایک اہم علمی و ادبی ماخذ ہے۔