• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

منی لانڈرنگ، جعلی ادویات کی فروخت اور فراڈ میں ملوث 3 ملزمان گرفتار

کراچی( ثاقب صغیر )ایف آئی اے کراچی زون نے منی لانڈرنگ،جعلی ادویات کی فروخت اور فراڈ میں ملوث 3ملزمان کو گرفتار کر لیا۔تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے اینٹی منی لانڈرنگ سرکل کراچی نے منی لانڈرنگ کیس میں ملزم محمدساجد خان ولد محمد صادق خان کو گرفتار کر لیا۔ملزم پر 10 ملین روپے کی منی لانڈرنگ میں ملوث ہونے کا الزام ہے۔تحقیقات کے دوران انکشاف ہوا کہ ملزم نے شکایت کنندہ سے امانت میں خیانت، جعلی دستاویزات کی تیاری اور ان کے استعمال کے ذریعے رقم ہتھیائی۔مقدمہ میں اعانت جرم اور مشترکہ مجرمانہ نیت کی دفعات بھی شامل ہیں۔ایف آئی اے کارپوریٹ کرائم سرکل کراچی نے بلاک 9 انڈیگو ٹاور نزد کوثر میڈیکو گزری برج خالق الزماں روڈ کراچی میں واقع عرفان میڈیکوز پر چھاپہ مار کارروائی کی۔کارروائی کے دوران ایک ملزم یاسین (انچارج/سپروائزر) کو گرفتار کر لیا گیا۔ملزم کے قبضے سے بڑی مقدار میں غیر رجسٹرڈ / جعلی ادویات برآمد کی گئیں۔مزید تفتیش جاری ہے۔ایف آئی اے کمرشل بینکنگ سرکل نے فراڈ کیس میں اشتہاری ملزم سید محمد حسنین رضوی کو گرفتار کر لیا۔ ملزم نے مصر کی کمپنی M/s Al Zahraa Seafood Importer سے رابطہ کر کے منجمد جھینگا اور مچھلی برآمد کرنے کا جھانسہ دیا۔ملزم نے ایم ایس گلوبل ٹریڈرز کے اکاؤنٹ میں 21,141 امریکی ڈالر بطور ایڈوانس وصول کیے مگر نہ سامان برآمد کیا اور نہ ہی رقم واپس کی۔ایف آئی اے نے مسلسل کاوشوں کے بعد ملزم کو ٹریس کر کے گرفتار کیا۔

اہم خبریں سے مزید