پشاور(کرائم رپورٹر)پشاور کے اندرشہر میں جائیداد تنازعہ پر بھائی نے سگے بھائی کو قتل کردیا، چمکنی میں سنگین جرائم میں ملوث ملزم کی گرفتاری کےلئے چھاپے کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں کانسٹیبل زخمی ہو گیا،سربند میں ڈلیوری بوائے اور اسکے ساتھی کو یرغمال بنا کر موٹرسائیکل وقیمتی موبائل فونز سے محروم کردیا گیاجبکہ چھت گرنے سے 3بچوں سمیت 4افراد زخمی ہوگئے۔ واقعات کے مطابق پشاور کے مصروف تجارتی مرکزاندرشہرمحلہ راجا رام میں گزشتہ روز جائیداد تنازع پر دو بھائیوں کے درمیان تکرار ہوئی، جس پر ملزم آفتاب نے اپنے 50 سالہ بھائی پرویز پر فائرنگ کر دی جسکے نتیجے میں وہ جاں بحق ہوگیا۔ پولیس نے ملزم آفتاب کےخلاف مقدمہ درج کرلیا۔ ادھر،چمکنی پولیس کوڈکیتی، پولیس پر حملوں اور دیگر سنگین مقدمات میں مطلوب اشتہاری ملزم یاسین ولد سید محمد کی طارق آباد نادان بابا زیارت کے قریب موجودگی کی اطلاع پر ایس ایچ او چمکنی فواد خان نے نفری کے ہمراہ چھاپہ مارا، پولیس کو دیکھتے ہی ملزم نے گرفتاری سے بچنے کےلئے فائرنگ کر دی جسکے نتیجے میں ایس ایچ او کا گنر کانسٹیبل میاں اعتزاز زخمی ہو گیا۔ پولیس کی جانب سے بھی جوابی فائرنگ کی گئی تاہم ملزم فائرنگ کرتا ہوا فرار ہو گیا، زخمی کانسٹیبل کوطبی امداد کےلیے ہسپتال منتقل کیا گیا۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزم یاسین خطرناک ملزم ہے اور اسے جلد قانون کی گرفت میں لایا جائے گا۔اسی طرح سربند رنگ روڈ پر موٹر سائیکل سوار رہزنوں نے ڈلیوری بوائے اور اس کے ساتھی کو یرغمال بنا کر موٹر سائیکل اور قیمتی موبائل فونز چھین لئے۔ احمد گل ولد گل محمد سکنہ گورگٹھڑی پولیس کالونی نے تھانہ سربندکو بتایاکہ وہ موٹر سائیکل پر ڈلیوری کا کام کرتا ہے، وہ اپنے قریبی دوست سلیمان ولد عنایت سکنہ تہکال بالا کے ہمراہ آرڈر پہنچا کر واپس آ رہا تھا کہ اچینی خوڑ کے قریب 125 موٹر سائیکل پر سوار دو مسلح نقاب پوش رہزنوں نے انہیں اسلحہ کی نوک پریرغمال بنالیا،متاثرہ نوجوان کے مطابق مسلح لٹیروں نے اس سے اور اس کے دوست سلیمان سے قیمتی موبائل فونز چھین لیے جبکہ احمد گل کی اپلائیڈ فار سی ڈی 70 موٹر سائیکل بھی زبردستی لے اڑے ۔ پھندو روڈ بناتی کلے میں کچے مکان کی چھت گر نے سے 3بچے اور خاتون دب گئی۔ ریسکیو1122 کی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر امدادی کارروائیاں شروع کیں اورملبے تلے سے تمام زخمیوں کو نکال لیاگیا۔ ریسکیوکی میڈیکل ٹیم نے زخمیوں کو موقع پر ابتدائی طبی امداد فراہم کر کے لیڈی ریڈنگ ہسپتال منتقل کر دیاہے۔