• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جنوبی لبنان میں حزب اللّٰہ کے ڈرون حملے، ایک اسرائیلی فوجی ہلاک، 13 زخمی


فوٹو: اسرائیلی میڈیا
فوٹو: اسرائیلی میڈیا 

جنوبی لبنان میں حزب اللّٰہ کے دھماکا خیز ڈرون حملوں میں ایک اسرائیلی فوجی ہلاک جبکہ 13 زخمی ہوگئے۔

اسرائیلی فوج کے مطابق ہلاک ہونے والے اہلکار کی شناخت 19 سالہ سارجنٹ لیم بن ہامو کے نام سے ہوئی ہے، جو گولانی بریگیڈ کی 13ویں بٹالین سے تعلق رکھتا تھا۔

رپورٹ کے مطابق صبح کے وقت حزب اللّٰہ نے جنوبی لبنان کے گاؤں قنطرہ میں تعینات اسرائیلی فوجیوں پر دو دھماکا خیز ڈرون داغے۔ اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ ایک ڈرون کو مار گرایا گیا، جبکہ دوسرا فوجی اہلکاروں کے قریب آ کر پھٹ گیا، جس کے نتیجے میں ایک فوجی ہلاک اور دوسرا درمیانی نوعیت کے زخموں کا شکار ہوا۔

حزب اللّٰہ نے حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ اس نے قنطرہ میں دو اسرائیلی ٹینکوں کو نشانہ بنایا۔

لبنانی مزاحمتی تنظیم  حزب اللّٰہ نے شمالی اسرائیل کے سرحدی علاقے شومیرا کے قریب اسرائیلی توپ خانے پر ایک اور ڈرون حملہ کیا جس سے فوجی سازوسامان بردار گاڑی میں آگ لگ گئی، حملے میں 12 اسرائیلی فوجی زخمی ہوئے۔

دوسری جانب لبنان کی وزارتِ صحت کے مطابق اسرائیلی فضائی حملوں میں جنوبی لبنان کے مختلف علاقوں میں 9 افراد جاں بحق ہوئے، جن میں دو بچے اور پانچ خواتین شامل ہیں، جبکہ 23 افراد زخمی ہوئے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید