پشاور(گلزار محمد خان )وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے وفاقی حکومت کی جانب سے صوبہ کیساتھ مبینہ ’’امتیازی سلوک‘‘ کیخلاف آج 6 مئی کو صوبہ بھر میں قلم چھوڑ ہڑتال کا اعلان کیا ہے اور موقف اختیار کیا ہے کہ وفاقی حکومت این ایف سی ایوارڈ، بجلی اور گیس کے معاملات میں جان بوجھ کر صوبہ کے ساتھ امتیازی سلوک کر رہی ہے کیونکہ خیبرپختونخوا میں سابق وزیر اعظم عمران خان کی جماعت کی حکومت ہے ، وزیر اعلیٰ نے کہا ہے کہ آج صوبہ بھر میں قلم چھوڑ ہڑتال کی جائے گی البتہ ایمرجنسی سروسز مستثنیٰ ہوں گی، سہیل آفریدی نے کہا کہ عمران خان اور بشریٰ بی بی کو ذاتی معالجین کی نگرانی میں علاج کی سہولت فراہم نہیں کی جا رہی،عمران خان کو اہلِ خانہ اور وکلا سے ملاقات کی اجازت نہ دینا غیر انسانی اور غیر قانونی ہے، سہیل آفریدی نے وکلا سے ہڑتال میں شرکت کی اپیل کی ہے ، ذرائع کے مطابق اکتوبر 2025 میں وزارتِ اعلیٰ سنبھالنے کے بعد سے سہیل آفریدی متعدد بار وفاقی حکومت پر الزام عائد کرتے رہے ہیں کہ وہ خیبر پختونخوا کے لیے مختص فنڈز، خصوصاً ضم شدہ اضلاع کے لیے وعدہ کیے گئے وسائل جاری کرنے میں تاخیر کر رہی ہے۔