• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’’پکڑ سکو تو پکڑلو‘‘ منشیات فروش پنکی گرفتار، عدالت میں بغیر ہتھکڑی، پروٹوکول کیساتھ پیشی

رپورٹنگ ٹیم:… ثاقب صغیر، مطلوب حسین

محمد منصف، محمد ندیم

کراچی:…پولیس اہلکاروں کا مذاق اڑانے ، ’’’پکڑ سکو تو پکڑ لو‘‘ ،’’ روک سکو تو رو ک لو‘‘ کا طعنہ دینے والی بد نام زمانہ خاتون منشیات فروش کوکین ڈیلر انمول عرف پنکی کو سول حساس ادارے نے گرفتار کرلیا، ملزمہ کی گرفتاری ظاہر کر دی گئی،ملزمہ کو عدالت میں ہتھکڑی کے بغیر پیش کیا گیا ، سن گلاسزلگائے، ماسک پہنے، آسمانی رنگ کی شرٹ اور پھول دار پاجامہ زیب تن کئے ملزمہ عدالت میںا س انداز میں چل رہی تھی جیسے کوئی اداکارہ کیٹ واک کر رہی ہو،ملزمہ مرکز نگا رہی، منشیات فروش ، کوکین ڈیلر انمول عرف پنکی کی عدالت آمد پر تفتیشی افسر راستہ بنا کر پروٹوکول دیتا دکھائی دیا۔عدالت نےملزمہ کو ریمانڈ پر جیل منتقل کردیا۔انمول عرف پنکی کی گرفتاری کے بعد ایک اور مبینہ آڈیو پیغام بھی منظر عام پر آیا ہے ، ذرائع کے مطابق یہ آڈیو مبینہ طور پر گرفتاری سے قبل ریکارڈ کیا گیا تھا، آڈیو پیغام میں مبینہ طور پر کہا گیا کہ اگر تم یہ پیغام سن رہے ہو تو اس کا مطلب ہے میرے ساتھ کچھ ہوگیا ہے یا میرا انتقال ہوگیا ہے،ملزمہ آڈیو میں بظاہر پولیس اہلکاروں کو طعنہ دیتے ہوئے کہتی ہے کہ لائنوں میں بیٹھے رہو، سوچو میں پنکی کو پکڑوں گا، برانڈ بن جاؤ، دنیا سلام ٹھوکے گی،24گھنٹے سروس آن ہے، گرفتار ہوگئی تو بھی کام چلتا رہے گا۔ تفصیلات کے مطابق گارڈن پولیس نے نشہ سپلائی کرنے والی بدنامہ زمانہ خاتون ملزمہ انمول عرف پنکی کی گرفتاری ظاہر کر دی، ملزمہ کو گزشتہ دنوں سول حساس ادارے نے گرفتار کیا تھا، ملزمہ شہر بھر میں کوکین اور دیگر مہلک نشہ سپلائی کرنے میں ملوث، پولیس کو انتہائی مطلوب اور درجنوں مقدمات میں مفرور تھی، ملزمہ سے پستول ،کروڑوں روپے مالیت کی کوکین، کیمیکلز اور دیگر نشہ آور اشیا برآمد کی گئی، ملزمہ کراچی میں منشیات ڈیلنگ اور سپلائی کے ایک منظم اور وسیع نیٹ ورک کو آپریٹ کررہی تھی۔ سن گلاسز اور ماسک لگائے ہتھکڑی کے بغیر عدالت میں پیش ہونے والی خاتون بظاہر پر اعتماد دکھائی دے رہی تھی ، سٹی کورٹ میں خطرناک ملزمہ کو سخت سیکورٹی کے بجائے معمول کے مطابق تفتیشی افسر کے ہمراہ لایا گیا۔ آسمانی رنگ کی ٹی شرٹ اور پھول دار پرپل رنگ کا پاجامہ میں ملبوس خاتون ملزمہ دیکھنے والوں کی توجہ کا مرکز بنی رہی۔ منشیات اسمگلنگ میں ملوث ملزمہ انمول کو آزادانہ ماحول میں پیش کیا گیا اور ملزمہ ہاتھ میں پانی کی بوتل پکڑے اس انداز میں چل رہی تھی جیسے کوئی اداکارہ کیٹ واک کر رہی ہو، تفتیشی افسر نے ملزمہ انمول عرف پنکی کو بغیر ہتھکڑی لگائے پیش کیا۔ کوکین ڈیلر پنکی پیشی سے قبل اور پیشی کے بعد کے آگے آگے چلتی رہی جبکہ پولیس افسر پیچھے چلتا رہا اور بڑے ادب کے ساتھ راستہ بتاتا رہا۔دوسری جانب جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی کی عدالت نے منشیات برآمدگی اور غیر قانونی اسلحہ کے مقدمات میں گرفتار ملزمہ انمول عرف پنکی کو عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیج دیا ہے۔ منگل کو جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی کی عدالت میں پولیس کی جانب سے منشیات برآمدگی اور غیر قانونی اسلحہ کے مقدمات میں گرفتار ملزمہ انمول عرف پنکی کو پیش کیا گیا ۔ تفتیشی افسر کی جانب سے ملزمہ کو جسمانی ریمانڈ پر دینے کی استدعا کی گئی ۔ تفتیشی افسر نے موقف اختیار کیا کہ ملزمہ سے چرس کے دو پیکٹ اور دیگر منشیات کا مواد برامد ہوا، برآمد شدہ منشیات کی مالیت پندرہ لاکھ سے زیادہ ہے، ملزمہ کا چودہ روز کا جسمانی ریمانڈ دیا جائے، ملزمہ کے خلاف تھانہ گارڈن میں مقدمات درج کئے گئے تھے۔ عدالت نے ملزمہ انمول عرف پنکی کو عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیجتے ہوئے تفتیشی افسر سے آئندہ سماعت پر مقدمہ کا چالان بھی طلب کرلیا ہے۔

اہم خبریں سے مزید