کراچی(ثاقب صغیر )ایف آئی اے نے غیر قانونی ادویات کی فروخت اور حوالہ ہنڈی میں ملوث ملزمان کو گرفتار کر لیا۔تفصیلات کے مطابق ایف آئی اینٹی کرپشن سرکل نے ڈینسو ہال کچی گلی میں ڈریپ کے ہمراہ ٹارگیٹڈ کارروائی کی۔کارروائی کے دوران میڈیسن سینٹر مارکیٹ کی تقریباً 20 دکانوں سے بھاری مقدار میں مشکوک ادویات برآمد ہوئیں ۔چھاپے میں کروڑوں روپے مالیت کی “Not for Sale” دوائیں، ایکسپائری تبدیل شدہ میڈیسن اور جعلی ادویات پکڑی گئیں ۔جعلی ادویات مافیا کراچی بھر میں خطرناک دوائیں سپلائی کرنے میں ملوث نکلا۔ایف آئی اے ٹیم نے کارروائی کے دوران تقریباً 20 مشتبہ افراد کو حراست میں لے کر 20 دکانوں کو سیل کر دیا ۔حکام کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں منظم اور بڑے پیمانے پر چلنے والے نیٹ ورک کے شواہد سامنے آئے ہیں۔دوسری جانب ایف آئی اے سی بی سی کراچی نےشاہراہ فیصل پرXPO Maritim Logistics پر چھاپہ مار کر حوالہ ہنڈی میں ملوث دو اہم ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ملزمان فیصل ابو بکر اور علی رضا غیر قانونی رقوم کی منتقلی میں سرگرم پائے گئے ۔کارروائی کے دوران 54 لاکھ 50 ہزار پاکستانی روپے،44,140 امریکی ڈالر اور 45,155 اماراتی درہم برآمد ہوئے۔ملزمان کے موبائل فونز سے ملنے والے ڈیجیٹل شواہد نے بڑے بین الاقوامی نیٹ ورک کا پول کھول دیا۔