امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے چینی صدر شی جن پنگ سے بیجنگ کے گریٹ ہال میں اہم ملاقات کی۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور چینی صدر شی جن پنگ نے ایک دوسرے سے ہاتھ ملایا۔
صدر ٹرمپ گریٹ ہال آف دی پیپل کے باہر استقبالیہ تقریب میں پہنچے جہاں پر چینی صدر نے ان کا استقبال کیا۔
چینی صدر نے امریکی صدر کا خیر مقدم کیا اور کابینہ سے تعارف کروایا جس کے بعد دونوں صدور گریٹ ہال آف دی پییل کی عمارت کے اندر چلے گئے۔
چین اور امریکا کو ایک دوسرے کا حریف نہیں بلکہ شراکت دار بننا چاہیے
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چینی صدر شی جن پنگ نے کہا کہ چین اور امریکا کو ایک دوسرے کا حریف نہیں بلکہ شراکت دار بننا چاہیے، امریکی وفد کو چین میں خوش آمدید کہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ تائیوان کا مسئلہ چین امریکا تعلقات میں سب سے اہم ہے، تائیوان کا مسئلہ درست طریقے سے نہ سنبھالا تو امریکا و چین کشیدگی کی طرف جا سکتے ہیں۔
صدر شی جن پنگ نے کہا کہ چین اور امریکا 2 بڑی طاقتیں ہیں، عالمی استحکام ہمارا مشترکہ ہدف ہے، عالمی امن اور معاشی ترقی کو برقرار رکھنا دونوں ممالک کی تاریخی ذمے داری ہے۔
عوامی جمہوریہ چین کے صدر کا کہنا ہے کہ پوری دنیا کی نظریں اس وقت بیجنگ میں ہونے والے مذاکرات پر ہیں اور ہمارے مستحکم دو طرفہ تعلقات پوری دنیا کے لیے فائدہ مند ہیں، بین الاقوامی صورتِ حال مسلسل تغیر پزیر اور ہنگامہ خیز ہے۔
انہوں نے سوال کیا کہ کیا ہم مل کر عالمی چیلنجوں کا مقابلہ اور دنیا کو استحکام فراہم کر سکتے ہیں؟ ان سوالات کا جواب بڑے ممالک کے رہنماؤں کی حیثیت سے ہمیں دینا ہے۔
چینی صدر شی جن پنگ نے یہ بھی کہا کہ تمام عالمی بحرانوں کا حل صرف سفارت کاری اور مذاکرات میں ہے، اختلافات کے باوجود دونوں ممالک کو باہمی احترام اور پرامن بقائے باہمی کے اصولوں پر چلنا ہو گا۔
امریکا چین تعلقات اب پہلے سے کہیں زیادہ بہتر ہونے جا رہے ہیں
چینی صدر سے ملاقات میں امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ چین کے صدر شی جن پنگ سے ملاقات کرنا ایک اعزاز ہے، میں ہر ایک سے یہی کہتا ہوں کہ چینی صدر عظیم رہنما ہیں۔
امریکی صدر نے کہا ہے کہ ہمارے تعلقات ہمیشہ اچھے رہے ہیں، جب بھی مشکلات آئیں مل کر انہیں حل کیا، لوگ نہیں جانتے کہ جب بھی ہمیں کوئی مسئلہ درپیش ہوا، ہم نے جلدی حل کر لیا۔
انہوں نے کہا کہ لوگ ہماری گفتگو کے شدت سے منتظر ہیں، امریکا چین تعلقات اب پہلے سے کہیں زیادہ بہتر ہونے جا رہے ہیں، شی جن پنگ کے ساتھ تعلقات ہمیشہ سے انتہائی شاندار رہے ہیں۔
ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ تاریخی سربراہی ملاقات کا سب سے بڑا اور بنیادی فوکس باہمی تجارت پر ہو گا، دونوں ممالک کے درمیان آنے والی کئی دہائیوں تک بہترین اور مضبوط تعلقات قائم رہیں گے۔
امریکی صدر ٹرمپ نے کہا کہ اپنے ساتھ دنیا کے بہترین بزنس لیڈر لے کر چین آیا ہوں۔