کراچی(محمد ندیم، اسٹاف رپورٹر) منشیات اور غیر قانونی اسلحہ کے مقدمے میں نامزد ملزمہ انمول عرف پنکی کو سٹی کورٹ کی عدالت میں پیش نہیں کیا گیا۔ ملزمہ کا جسمانی ریمانڈ 15مئی کو رات 12بجے ختم ہوا۔ملزمہ انمول عرف پنکی کو ہفتہ 16مئی کو عدالت میں پیش کیا جائے گا۔سٹی کورٹ میں میڈیا سے گفتگو میں ملزمہ انمول عرف پنکی کے وکیل ہدایت اللہ ایڈووکیٹ کا کہنا تھا کہ ملزمہ کی گزشتہ شب سے طبیعت خراب ہے جبکہ ملزمہ کو دمے ، سانس اور گردے کے امراض ہیں ۔ ہم یہی کہیں گے کہ ملزمہ انمول عرف پنکی کو عدالت میں پیش کیا جائے جہاں پر ہم عدالت سے ان کے علاج و معالجے کی استدعا کریں گے ۔ملزمہ کے وکیل کا ایک سوال کے جواب میں کہنا تھا کہ ملزمہ انمول عرف پنکی کو جھوٹے مقدمے میں پھنسایا گیا ہے اور ملزمہ انمول عرف پنکی کو یکم مئی کو لاہور سے گرفتار کیا گیا تھا، ملزمہ تاحال تحویل میں ہیں جبکہ ملزمہ کے خلاف کراچی میں مجموعی طور پر 4 مقدمات ہیں جن میں قتل ،غیر قانونی اسلحہ اور 2 منشیات کے مقدمات شامل ہیں۔میڈیا جمعہ کو سٹی کورٹ میں گھنٹوں پنکی کا انتظار کرتا رہا لیکن ریمانڈ مکمل نہ ہونے کی وجہ سے اسے پیش نہیں کیا گیا۔کوکین کوئین ملزمہ انمول عرف پنکی کے وکیل ہدایت اللہ ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ12مئی کو جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی نے ملزمہ کو عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیج دیا تھا لیکن 13مئی کو ضلعی جج جنوبی نے 15 مئی تک انمول عرف پنکی کا جسمانی ریمانڈ دیا تھا اور جمعہ کو ملزمہ کو عدالت میں دوبارہ پیش کرنا تھا لیکن ملزمہ انمول عرف پنکی کو عدالت میں پیش نہیں کیا گیا ۔یاد رہے کہ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ جنوبی نے ملزمہ کا 13سے 15مئی تک تین روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کیا تھا۔یہ ریمانڈ جمعہ 15مئی کو رات بارہ بجے ختم ہوگیا۔لہٰذاپنکی کو ہفتے کے روز عدالت میں پیش کیا جائیگا۔