کراچی (محمد ندیم/اسٹاف رپورٹر)منشیات کی مبینہ سپلائر انمول عرف پنکی کو تین روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا گیا،ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج جنوبی کی جانب سے آٹھ مقدمات میں منشیات فروش ملزمہ انمول عرف پنکی کو جوڈیشل کمپلیکس میں پیش کرنے کی اجازت کے بعد ملزمہ کو سخت سکیورٹی میں جوڈیشل مجسٹریٹ /جوڈیشل کمپلیکس کی عدالت میں پیش کیا گیا،ملزمہ کو درخشاں اور گزری تھانوں سمیت کراچی کے مختلف تھانوں میں درج آٹھ مقدمات کے حوالے سے اسے جوڈیشل مجسٹریٹ کے سامنے پیش کیا گیا۔ اسپیشل پبلک پراسیکیوٹر شکیل عباسی نے موقف دیا کہ ملزمہ کوسیشن کورٹ کی اجازت سے جسمانی ریمانڈ کیلئے پیش کیا گیا ہے۔ ملزمہ کا 22 مئی تک جسمانی ریمانڈ دیا جائے۔ ملزمہ کا جسمانی ریمانڈ دیا جائے، تاکہ تفتیش ہوسکے۔ عدالت نے 3 دن کے جسمانی ریمانڈ پر ملزمہ کو پولیس کی تحویل میں دیدیا۔جوڈیشل کمپلیکس میں ملزمہ انمول عرف پنکی کو جیل میں قائم عدالت میں پیشی کے موقع پر پولیس نے صحافیوں کو عدالت کے اندر جانے سے روک دیا۔پولیس نے صحافیوں کو احاطہ عدالت اور جیل کے احاطے میں بھی داخل ہونے سے روک دیا۔پولیس اہلکار یہ بتانے سے قاصر رہے کہ صحافیوں کو احاطہ عدالت میں جانے سے روکنے کے کس نے احکامات دیئے؟ سخت سیکورٹی کے باعث وکلا اور پولیس کی جیل کے اندر جانے والی گاڑیوں کو چیک کرکے چھوڑا گیا۔تفتیشی افسر مقبول مہر نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عدالت نے ملزمہ کا تین روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا ہے، ہم نے مقدمے کی مزید تحقیقات کرنی ہے جسکے لئے ریمانڈ درکار تھا ،ملزمہ سے ابھی اور بھی بہت سے انکشافات ہونا باقی ہیں، ہمارے تمام مقدمات میں ریمانڈ حاصل کیا جاچکا ہے۔