پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ مومنہ اقبال کی شکایت پر نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے پنجاب کے ایم پی اے کو آج طلب کر لیا۔
مومنہ اقبال نے اپنی درخواست میں الزام عائد کیا ہے کہ ایک بااثر سیاسی شخصیت کی جانب سے مجھے اور میرے خاندان کو جان سے مارنے کی دھمکیاں دی جا رہی ہیں۔
اُنہوں نے اس معاملے کی تفصیلات اپنی انسٹاگرام اسٹوری پر بھی شیئر کی تھیں۔
اداکارہ نے اپنی انسٹا اسٹوری میں بتایا تھا کہ میں نے اس معاملے کی متعدد بار این سی سی آئی اے، ایف آئی اے اور پنجاب پولیس کو شکایات درج کروائیں لیکن مبینہ سیاسی اثر و رسوخ کے باعث کارروائی نہیں ہو سکی۔
اُنہوں نے بتایا تھا کہ انصاف فراہم کرنے کے بجائے میری حوصلہ شکنی کی گئی جب کہ مجھے اور میرے اہلِ خانہ کو شدید خطرات لاحق ہیں۔
اداکارہ نے اپنی پوسٹ میں وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز اور تمام متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا تھا کہ اس معاملے کی شفاف اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کی جائیں اور میرے خاندان کو فوری تحفظ فراہم کیا جائے۔
اُنہوں نے اعلیٰ حکام، اہم سرکاری دفاتر اور مختلف نیوز چینلز کو بھی اپنی پوسٹ میں ٹیگ کیا تھا۔
اب نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی نے دونوں فریقین کو آج طلب کر لیا ہے۔
جس کے بعد اداکارہ نے اپنی انسٹا اسٹوری میں اپنی درخواست پر فوری ایکشن لینے اور فیملی کو سیکیورٹی فراہم کرنے پر وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز کا شکریہ ادا کیا ہے اور ساتھ ہی کہا ہے کہ میرے آفیشل بیان ریکارڈ کروانے سے قبل کسی کا نام نہ لیا جائے۔
اُنہوں نے یہ بھی بتایا ہے کہ مجھے دیگرخواتین کے میسجز بھی موصول ہو رہے ہیں جو یہ دعویٰ کر رہی ہیں کہ انہیں بھی اسی ایم پی اے کی جانب سے ہراساں کیا گیا۔
دوسری جانب مذکورہ ایم پی اے نے بھی اپنے کزن کی مدعیت میں اپنے آبائی ضلع میں نامعلوم افراد کے خلاف دھمکیاں دینے کا مقدمہ درج کروا رکھا ہے۔