کراچی (جنگ نیوز) ماہرین نے دل کی بیماریوں کے بعد ذہنی امراض کو صحت کا بڑا مسئلہ قرار دے دیا ہے، سندھ مینٹل ہیلتھ اتھارٹی (ایس ایم ایچ اے) نے تھر فاؤنڈیشن کے اشتراک سے تھر بلاک ٹو میں ذہنی صحت سے متعلق آگاہی سیشنز کا انعقاد کیا، جن سے ایک ہزار سے زائد مقامی افراد اور کارکنان نے استفادہ کیا۔سیشنز کے دوران ماہرین نفسیات اور ذہنی صحت کے ماہرین نے ذہنی تندرستی، بروقت تشخیص اور علاج کی اہمیت پر زور دیا۔ چیئرمین سندھ مینٹل ہیلتھ اتھارٹی ڈاکٹر کریم خواجہ نے کہا کہ ذہنی امراض اب دل کی بیماریوں کے بعد صحت کے سب سے بڑے مسائل میں شمار ہوتے ہیں اور اگر ان پر توجہ نہ دی جائے تو سنگین نتائج سامنے آ سکتے ہیں۔انہوں نے 2019 سے سندھ مینٹل ہیلتھ اتھارٹی کے ساتھ تعاون پر تھر فاؤنڈیشن کو سراہتے ہوئے کہا کہ ٹیلی کاؤنسلنگ ہیلپ لائن کے ذریعے دور دراز دیہاتوں کو مٹھی اور حیدرآباد کے سول اسپتالوں میں موجود ماہرین نفسیات سے منسلک کیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ آگاہی سیشنز کے باعث ذہنی بیماریوں سے متعلق غلط فہمیاں اور معاشرتی بدنامی کم ہوئی ہے، جس کے نتیجے میں سول اسپتال مٹھی میں او پی ڈی مریضوں کی تعداد میں نمایاں اضافہ ہوا۔ایس ایم ایچ اے نے تھر فاؤنڈیشن کے تعاون سے لیڈی ہیلتھ ورکرز کو فرسٹ ریسپانڈر کے طور پر تربیت بھی فراہم کی۔