کراچی (اعجاز احمد /اسٹاف رپورٹر) پاکستان ریلویز عیدالاضحی پر کراچی سے اندرون ملک جانے ولے مسافروں کی سہولت کے لیے ایک جانب تو ’’عید اسپیشل ٹرینز‘‘ چلا رہا ہے تو دوسری طرف معمول کے تحت چلنے والی بعض ریل گاڑیاں پانچ، پانچ گھنٹے تک تاخیر کے ساتھ کراچی سے روانہ ہورہی ہیں، جس کے باعث مسافروں کو سخت پریشانی کا سامنا ہے اور وہ گھنٹوں کراچی سٹی اور کینٹ اسٹیشنز پر اپنی متعلقہ ٹرین کے انتظار میں سرگرداں نظر آتے ہیں، جن کا کوئی پرسان حال نہیں۔ پاکستان ریلویز کے ترجمان کے مطابق پیر کو45اپ پاکستان ایکسپریس 45منٹ تاخیر سے سہ پہر پونے 3بجے، 41اپ قراقرم ایکسپریس ساڑھے 5گھنٹے تاخیر سے رات ساڑھے 8 بجے، 9اپ علامہ اقبال ایکسپریس پونے 4گھنٹے تاخیر سے شام سوا7بجے،17اپ ملت ایکسپریس ڈھائی گھنٹے تاخیر سے شام ساڑھے7 بجے،7اپ تیزگام ڈھائی گھنٹے تاخیر سے رات 8بجے اور25اپ زکریا ایکسپریس 5گھنٹے تاخیر سے رات ساڑھے 11 بجے روانہ ہوئی۔