کراچی (نیوز ڈیسک) جنگ کے بعد ایرانی تجارت کو بڑا دھچکا، 20 ہزار کنٹینرز پاکستانی بندرگاہوں میں پھنس گئے۔ایران منتقل کرنے کیلئے تاحال کوئی مستحکم اور کم لاگت راہداری نہ بن سکی، پاکستانی بندرگاہوں پر ایرانی سامان کے انبار لگ گئے۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق ایران کی بین الاقوامی ٹرانسپورٹ کمپنیوں کی انجمن کے چیئرمین احسان ملک زادہ نے انکشاف کیا ہے کہ حالیہ جنگ کے بعد ایران کے لیے درآمد کیا جانے والا تقریباً 20 ہزار کنٹینرز پر مشتمل سامان پاکستانی بندرگاہوں میں پھنسا ہوا ہے اور اسے ایران منتقل کرنے کے لیے تاحال کوئی مستحکم اور کم لاگت راستہ دستیاب نہیں ہو سکا۔ انہوں نے مہر نیوز ایجنسی کو بتایا کہ جنگی حالات کے دوران بین الاقوامی بحری قوانین کے تحت ایران جانے والے متعدد کارگو جہازوں نے اپنا سامان قریبی محفوظ بندرگاہوں پر اتار دیا تھا۔