ممبئی(مانیٹرنگ ڈیسک)بولی وڈ کے اُبھرتے ایکشن ہیرو ٹائیگر شروف اپنے مداحوں کو اب دیسی ہیرو کے روپ میں نظر آئیں گے۔ جی ہاں، ٹائیگر شروف کی نئی ایکشن سے بھرپور فلم ’اے فلائنگ جٹ‘کے نئے گانے کی ویڈیو جاری کردی گئی ہے۔ ٹائیگر شروف اور جیکولین فرنینڈس پر فلمائے جانے والے گانے ’بھنگڑا پا‘کو وشال ددلانی، دیویا کماراور اسیس کورکی آواز میں ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ گانے کے بول میور پوری نے لکھے ہیں۔ ریموڈی سوزا کی ہدایتکاری میں بننے والی اس فلم کی کہانی ایک ایسے دیسی سپر ہیرو کے گرد گھومتی ہے جودنیا کو تباہی سے بچانے کیلئے نکل پڑتا ہے ۔ایکتا کپور اور شوبھا کپور کی پروڈیوس کردہ اس فلم میں ٹائیگر شروف اور جیکولین فرنینڈس مرکزی کردار میں نظر آئیں گے جبکہ فلم کی دیگر کاسٹ میں آسٹریلین ایکٹر نیتھن جونز، امریتا سنگھ اور امریتا پوری و دیگرشامل ہیں۔ واضح رہے بولی وڈ کی نئی فلم ’اے فلائنگ جٹ‘رواں سال 25اگست کو سینما گھروں کی زینت بنے گی۔