کوئٹہ(خ ن)بلوچستان کمیشن آن اسٹیٹس آف ویمن کی چیئرپرسن کرن بلوچ نے سول ہسپتال کوئٹہ میں زیرِ علاج خاتون ڈاکٹر ماہ نور ناصر پر ہونے والے تیزاب حملے کا نوٹس لیتے ہوئے صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ اور متعلقہ حکام سے رابطہ کیا، انہوں نے واقعہ کی تفصیلات اور متاثرہ ڈاکٹر کے علاج و معالجے سے متعلق معلومات حاصل کیں۔ انہوں نے متاثرہ ڈاکٹر کو صوبائی حکومت کی جانب سے فراہم کی جانے والی طبی سہولیات اور پیپلز ایئر ایمبولینس کے ذریعے کراچی منتقل کرنے کے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔کرن بلوچ نے کہا کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کی ہدایت پر واقعے کے بعد حکومت نے بروقت اور مؤثر اقدامات کیےاور فوری طور پرمتاثرہ ڈاکٹر کو سرکاری خرچ پر علاج کیلئے کراچی بھجوایا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ واقعے کی جامع اور شفاف تحقیقات کرائی جائیں اور مستقبل میں ایسے انسانیت سوز واقعات کی روک تھام کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے ڈاکٹر ماہ نور ناصر کے اہلِ خانہ سے دلی ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کمیشن آن اسٹیٹس آف ویمن متاثرہ خاندان کے ساتھ کھڑا ہے اور ہر ممکن تعاون فراہم کرے گا۔