کراچی (ٹی وی رپورٹ) وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی اُمور سینیٹر رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ ایکشن کمیٹی دھونس سے اپنا ہر مطالبہ منوانا چاہتی ہے جو ممکن نہیں، ان لوگوں کی نیت درست نہیں ، جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی جس طرح کی تیاری کر رہی تھی اور جو فنڈنگ ا سکو مل رہی تھی اور ایجنسیز اور ہمیں ان ذرائع کا بھی معلوم تھا اور انہیں واضح کر دیا گیا کہ یہ درست نہیں ہے۔ سینئر رہنما پی ٹی آئی تیمور سلیم جھگڑا نے کہا کہ بڑا مسئلہ حکومتی اخراجات ہیں، وفاق اور صوبے مل کر اسے کم کریں۔ گلگت بلتستان سے نمائندہ جیو نیوز سعادت علی مجاہد نے کہا کہ جی بی میں مخلوط حکومت بننے کے آثار محسوس ہو رہے ہیں۔ وہ جیو نیوز کے پروگرام ’نیا پاکستان‘ میں شہزاد اقبال سے گفتگو کر رہے تھے۔تفصیلات کے مطابق پروگرام کے آغاز میں میزبان شہزاد اقبال نے کہا کہ گلگت بلتستان قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کل ہونے جارہے ہیں۔ ن لیگ پیپلز پارٹی کے مرکزی قائدین نے بھرپور انتخابی مہم چلائی جبکہ تحریک انصاف کے امیدواروں کو بلا کا نشان نہیں ملا اور پارٹی کی انیس امیدوار آزاد حیثیت میں میدا ن میں موجود ہیں جبکہ تین حلقوں میں تحریک انصاف اور ایم ڈبلو ایم کے درمیان سیٹ ایڈجسٹمنٹ کی گئی ہے۔ جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کو آزاد کشمیر حکومت کے محکمہ داخلہ نے کالعدم تنظیم قرار دے دیا ہے۔وزیراعظم آزاد کشمیر نے جیو نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ حالات جس طرف جارہے تھے اس کے بعد جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی پر پابندی ہی لگنی تھی۔ شہزاد اقبال نے بتایا کہ انہیں کالعدم قرار دے دیا گیا ہے اس لئے ان کا موقف ہم نشر نہیں کرسکتے۔ تحریک ا نصاف نے ایک شیڈو بجٹ پیش کیا ہے۔ ایران اور امریکہ ایک مرتبہ پھر ایک دوسرے کے اہداف پر حملے کر رہے ہیں۔