کراچی (نیوز ڈیسک) صدرٹرمپ نے فوج کو مصنوعی ذہانت کے استعمال میں تیزی لانے کا حکم دے دیاہے، وائٹ ہاؤس نے قومی سلامتی اداروں کیلئے نئی ہدایات جاری کر دیں،خودکار ہتھیاروں پر انسانی نگرانی کی تاکید، مریکی فوج پہلے ہی اہداف ، سپلائی لائن انتظام و دیگر عسکری امور میں اے آئی کا استعمال بڑھا رہی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے نئی ہدایات جاری کرتے ہوئے فوج اور قومی سلامتی کے اداروں کو مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے استعمال میں تیزی لانے کی ہدایت کی ہے، تاہم ساتھ ہی شہری آزادیوں، رازداری اور خودکار ہتھیاروں پر انسانی نگرانی برقرار رکھنے کی ضرورت پر بھی زور دیا ہے۔ وزارتِ دفاع اور دیگر متعلقہ اداروں کو ایسی اے آئی ٹیکنالوجی اپنانے کی ہدایت کی گئی ہے جو کمانڈ کے نظام اور قانونی اختیارات کا احترام کرے۔