• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھتہ وصولی سے منسلک گروہوں کے 6 کارندے گرفتار، اسلحہ برآمد

کراچی (اسٹاف رپورٹر ) رینجرز اور ایس آئی یو نے گارڈن، پی آئی بی کالونی اور نیو کراچی سے بھتہ وصولی سے منسلک گروہ کے 6 کارندوں محمد خان عرف محمد جان، علی محمد، بلاول عرف بلال لاسی، عبد السمیع، احمد رضا عرف اے ڈی اور زین علی کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کر لیا گیا ہے، ترجمان رینجرز کے مطابق ملزمان محمد خان عرف محمد جان، علی محمد اور بلاول عرف بلال لاسی کا تعلق جمیل چھانگا گروہ سے ہے،ملزمان زیر تعمیر بلڈنگز اور شادی ہالوں سے بھتہ وصولی کر کے بیرون ملک مقیم جمیل چھانگا کو پہنچانے میں ملوث ہیں،ملزم عبد السمیع بدنام زمانہ بشیر عرف ماما کا بیٹا باپ کا تعلق بھتہ مافیا کے سرغنہ احمد علی مگسی گروہ سے تھا، عبد السمیع بھتہ وصولی کے نیٹ ورک کو فعال کر رہا تھا اور پی آئی بی کالونی کے کاروباری شخصیات اور فیکٹریوں سے بھتہ وصولی میں بھی ملوث ہے، ملزم احمد رضا عرف اے ڈی کا تعلق صمد کاٹھیاواڑی گروہ سے ہے،ملزم نیو کراچی میں واقع فیکٹریوں، پکوان سینٹرز اور دیگر کاروباری افراد کے نمبر اور معلومات بھتہ مافیا کے سرغنہ کو فراہم کرتا تھا ، ملزم زین علی کا تعلق بلال پپو گروہ سے جہان آباد اور شیر شاہ میں واقع اسکریب کے گوداموں سے بھتہ وصولی کے علاوہ منشیات فروشی میں بھی ملوث ہے۔