جین زی
جین زی آج کل کیا پڑھ رہی ہے؟ میں نے اپنے بیٹے سے پوچھا۔
اس نے مشکوک انداز میں مجھے دیکھا:
آپ کیوں جاننا چاہتے ہیں کہ ہم لوگ کیا پڑھ رہے ہیں؟
تاکہ ان سے وہ کتابیں شیئر کر سکیں، جو شخصیت سازی میں معاون ہوں۔
میرا دوستانہ لہجہ اس کا شک دور نہ کر سکا۔
شاید آپ جین زی کی سوچ کنٹرول کرنا چاہتے ہیں؟
نہیں، ہم تو بس اپنا ادبی اور تاریخی ورثہ ان سے بانٹنا چاہتے ہیں۔
اس کا ایک ہی طریقہ ہے۔ اس نے لاتعلقی سے کاندھے اچکائے۔
’’آپ کو ان چیزوں سے جڑنا ہوگا، جن میں جین زی کی دلچسپی ہے،
جیسے سینما، اسپورٹس اور ٹیکنالوجی۔‘‘
اتنا کہنے کے بعد اس نے جدید طرز کا ہیڈفون کانوں پر لگایا،
اور لیپ ٹاپ پر ایک فلم دیکھنے لگا۔