ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے مفاہمتی یادداشت کا متن شیئر کردیا۔
مسعود پزشکیان نے امریکا کے ساتھ جنگ کے خاتمے کےلیے طے پانے والے معاہدے کو تاریخی قرار دیتے ہوئے اس کا خیرمقدم کیا ہے۔
انہوں نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا کہ یہ ایک تاریخی دستاویز ہے اور ایک طاقتور ایران کا پیغام ہے کہ امن باہمی احترام کے سائے میں حاصل کیا جائے گا۔
ایرانی صدر نے کہا کہ مفاہمتی یادداشت کا متن ایرانی قوم کی آواز کی عکاس ہے، ایرانی قوم نے کسی دھمکی یا دباؤ کے سامنے اپنی عزتِ نفس اور خود مختاری کا سودا نہیں کیا، آج جو کچھ ہورہا ہے وہ ایرانی قوم کی استقامت، ثابت قدمی اور ذمے دارانہ سفارتکاری کا نتیجہ ہے۔
انہوں نے معاہدے کی تصویر بھی شیئر کی، جس پر ان کے علاوہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ثالثی کا کردار ادا کرنے والے پاکستانی وزیراعظم شہباز شریف کے دستخط بھی موجود ہیں۔
خیال رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے معاہدے پر دستخط کردیے، وزیراعظم شہباز شریف کے بھی بطور ثالث معاہدے پر دستخط موجود ہیں، پاکستان نے بطور ثالث معاہدے کی توثیق کردی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ معاہدہ خطے میں امن اور استحکام کی بنیاد ثابت ہوگا، پیش رفت ممکن بنانے اور امن و علاقائی استحکام آگے بڑھانے میں فیلڈ مارشل عاصم منیر کی انتھک محنت نہایت اہم رہی۔
وزیراعظم نے معاہدے پر صدر ٹرمپ ، سپریم لیڈر آیت اللّٰہ مجتبیٰ خامنہ ای اور ایرانی صدر کو مبارک باد بھی دی۔