بالی ووڈ کے سپر اسٹار عامر خان اپنی گرل فرینڈ گوری سپراٹ کے ساتھ رواں سال 5 جولائی کو رشتہ ازدواج میں بندھنے کے لیے تیار ہیں۔
میڈیا کو دیے گئے ایک انٹرویو میں عامر خان نے کسی بڑی یا شاہی تقریب کے بجائے انتہائی سادگی سے شادی کرنے کا انکشاف کیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ ایک انتہائی نجی تقریب ہوگی۔ ہم گھر پر دونوں خاندانوں اور چند قریبی دوستوں کی موجودگی میں ایک انتہائی سادہ ’رجسٹرڈ میرج‘ (کورٹ میرج) کریں گے۔
شادی کی خبریں لیک ہونے پر حیرت کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’مجھے سمجھ نہیں آتا کہ مشہور شخصیات، خاص طور پر کرکٹرز اور اداکاروں کی ذاتی زندگیوں میں لوگوں کو اتنی دلچسپی کیوں ہوتی ہے۔ لوگوں کو ہمارے کام پر توجہ دینی چاہیے، ذاتی زندگی پر نہیں، مجھے نہیں معلوم یہ خبر کیسے لیک ہوئی۔‘
سابقہ بیویوں کے بارے میں عامر خان کا کہنا تھا کہ ان کے ساتھ بھی رشتے گہرے تھے لیکن وہ چل نہ سکے۔
تاہم گوری کے بارے میں بات کرتے ہوئے انہوں نے جذباتی انداز میں کہا کہ گوری کے آنے سے میں بہت خوش ہوں، مجھے لگتا ہے اب جا کے میں مکمل ہوا ہوں۔
خیال رہے کہ عامر خان نے اپنی سابقہ اہلیہ رینا دتہ سے 1986 میں شادی کی جو 2022 میں ختم ہوگئی جبکہ دوسری بیوی کرن راؤ سے 2005 میں شادی ہوئی اور 2021 میں علیحدگی پر ختم ہوئی۔
عامر خان اور گوری کی کہانی 25 سال پرانی ہے جب ان کی پہلی ملاقات ہوئی تھی، تاہم بعد میں رابطہ ٹوٹ گیا۔ برسوں بعد دونوں دوبارہ ملے اور یہ دوستی محبت میں بدل گئی۔
عامر خان نے گزشتہ سال مارچ 2025 میں اپنی 60 ویں سالگرہ پر پہلی بار گوری کو میڈیا سے متعارف کروایا تھا۔