پاکستانی شوبز انڈسٹری کی باصلاحیت اداکارہ سوہائے علی ابڑو نے اپنی طلاق سے متعلق سوشل میڈیا پر زیرِ گردش قیاس آرائیوں کو شوہر کی تصاویر شیئر کر کے مسترد کر دیا۔
سوہائے علی ابڑو کا شمار ان اداکاراؤں میں ہوتا ہے جو اپنی منفرد اداکاری اور ہر کردار میں جان ڈال دینے کی صلاحیت کے باعث مداحوں میں بے حد مقبول ہیں۔
گزشتہ کچھ عرصے سے ان کی نجی زندگی بھی خبروں کی زینت بنی ہوئی تھی، کیونکہ مداحوں نے سوشل میڈیا پر ان کے شوہر سے متعلق تصاویر اور اپ ڈیٹس کی عدم موجودگی کو نوٹ کیا تھا۔
اس صورتِ حال کے بعد سوشل میڈیا پر دونوں کے درمیان علیحدگی کی قیاس آرائیاں گردش کرنے لگیں، تاہم اداکارہ نے اپنی تازہ انسٹاگرام پوسٹ کے ذریعے ان تمام افواہوں کی تردید کر دی ہے۔
سوہائے علی ابڑو کافی عرصے سے اپنے شوہر، فٹنس ٹرینر شہزار محمد کی تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر نہیں کر رہی تھیں، جس کے باعث ان کی علیحدگی سے متعلق چہ مگوئیاں زور پکڑ گئی تھیں۔
اداکارہ نے انسٹاگرام پر اپنی بیٹی اور شوہر شہزار محمد کے ہمراہ چند خوبصورت تصاویر شیئر کیں، جن میں وہ خود بھی موجود ہیں۔
تصاویر میں تینوں ایک خوش و خرم اور مثالی خاندان کا منظر پیش کر رہے ہیں۔
انہوں نے اپنی پوسٹ میں شہزار محمد کو بہترین والد اور ایک خاص انسان قرار دیا ہے۔
تصاویر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے خوب پسند کی جا رہی ہیں اور مداح خاندان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کر رہے ہیں۔