اسلام آباد ( افضل بٹ) معتبر ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ آزاد جموں و کشمیر میں کالعدم جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی (JAAC) کے راولا کوٹ دھرنے میں مبینہ شرکت، معاونت اور سہولت کاری کے الزام میں سرکاری ملازمین کی برطرفی اور ریٹارڈ ملازمین کی پنشن روکنے کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔ سرکاری ذرائع کے مطابق مختلف محکموں سے تعلق رکھنے والے متعدد ملازمین کو محکمانہ کارروائی مکمل ہونے کے بعد فوری طور پر ملازمت سے برطرف کر دیا گیا ہے، جبکہ مزید ملازمین کے خلاف کارروائی کا عمل جاری ہے۔سرکاری دستاویزات اور حکومتی ذرائع کے مطابق سرکاری ملازمین کیخلاف آزاد جموں و کشمیر ایفیشنسی اینڈ ڈسپلن رولز 1977 کے تحت کارروائی کی جا رہی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ کالعدم قرار دی گئی تنظیموں سے کسی بھی قسم کا براہ راست یا ٹیلی فونک رابطہ رکھنے والے سرکاری ملازمین کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رہے گی اور اس سلسلے میں مزید برطرفیوں کا بھی امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔