جرم و سزا
ندیم اپنی ماں کی بیماری کے باعث خاصا پریشان تھا۔
وہ ایک کریانہ اسٹور میں ملازم تھا، مہینے کا آخر تھا،
اور ماں کی دوا ختم ہوگئی تھی۔
مجبور ہو کر اس نے کیش کاؤنٹر سے کچھ پیسے نکال لئے۔
دکان کو تالا لگا کر گھر لوٹا، مگر رات بھر نیند نہیں آئی،
ضمیر ملامت کرتا رہا، صبح آئینے میں ایک اجنبی سامنے کھڑا تھا۔
وہ فوراً دکان پر گیا، رقم اور دکان کی چابی کیش کاؤنٹر پر رکھ دی۔
مالک نے رقم گنی، ایک نظر اسے دیکھا،
چابی اسکی سمت بڑھائی، اور دکان سے نکل گیا۔
ندیم بہت دیر سے اپنی مٹھی میں وہ چابی تھامے کھڑا ہے۔