• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گٹھیا کے مریضوں کیلئے بڑا طبی انتباہ، پھیپھڑوں کے جان لیوا مرض کا شکار ہونے کا امکان، نئی تحقیق

جوڑوں کے درد اور سوجن کی بیماری ’رومیٹائڈ آرتھرائیٹس‘ یا گٹھیا کے حوالے سے ایک نئی اور ہولناک بین الاقوامی تحقیق سامنے آئی ہے۔

طبی ماہرین کے مطابق گٹھیا کے ہزاروں مریض پھیپھڑوں کی ایک خفیہ اور جان لیوا بیماری ’RA-ILD‘ کا شکار ہو رہے ہیں، جو پھیپھڑوں کو شدید نقصان پہنچاتی ہے۔

طبی جریدے ’دی لینسیٹ ریسپیریٹری میڈیسن‘ میں شائع ہونے والی تحقیق کے مطابق گٹھیا صرف جوڑوں کو ہی متاثر نہیں کرتا بلکہ پھیپھڑوں کے اندرونی حصوں میں شدید سوزش اور زخم پیدا کر دیتا ہے، جس سے سانس لینا انتہائی دشوار ہو جاتا ہے۔

تحقیق کے مطابق گٹھیا کے ہر 6 میں سے 1 مریض کے پھیپھڑوں میں غیر معمولی تبدیلیاں آتی ہیں۔ ہر 10 میں سے 1 مریض اس خطرناک پھیپھڑے کے مرض کا باقاعدہ شکار ہو جاتا ہے۔

طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر اس بیماری کی بروقت تشخیص کر لی جائے تو ادویات کے ذریعے پھیپھڑوں کو ناکارہ ہونے سے بچایا جا سکتا ہے لیکن دیر ہونے کی صورت میں یہ مرض جان لیوا ثابت ہوتا ہے۔

اس کی اہم علامات میں بغیر کسی وجہ کے مسلسل خشک کھانسی کا رہنا، تھوڑی سی جسمانی مشقت یا چلنے پھرنے سے سانس پھولنا، شدید جسمانی تھکن، کمزوری اور بعض اوقات آواز کا بیٹھ جانا شامل ہیں۔ 


نوٹ: یہ ایک معلوماتی مضمون ہے، اپنی کسی بھی بیماری کی تشخیص اور اس کے علاج کےلیے ڈاکٹر سے رجوع کریں۔

صحت سے مزید