کراچی (اسٹاف رپورٹر) دھابیجی پر بدھ کی سہ پہر کے الیکٹرک کے گرڈ اسٹیشن میں آگ سے پمپنگ اسٹیشن پر بجلی کی سپلائی معطل اور کراچی کو پانی کی سپلائی بند ہوگئی۔ بیک پریشر سے 72 انچ قطر پانی کی لائن بھی پھٹ گئی۔ شہر میں پانی کا شدید بحران پیدا ہوگیا، کروڑوں گیلن پانی سپلائی نہ ہونے سے تقریباً تمام علاقوں کوپانی کی قلت کا سامنا ہو گاکے الیکٹرک کے بیان کے مطابق بدھ کو دھابیجی گرڈ پر لگنے والی آگ پر کے الیکٹرک اور فائر بریگیڈ کے عملے نے جلد قابو پالیا تھا آگ سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا گرڈ پر لگنے والی آگ کے باعث دھابیجی کے علاقے میں بجلی کا تعطل آیا جس سے کے ڈبلیو ایس بی پر واقع دھابیجی پمپ کی بجلی بھی متاثر ہوئی۔ آگ کی وجہ کے حوالے سے تحقیقات جاری ہیں۔ترجمان کے مطابق آگ سے زیادہ نقصان نہیں پہنچا جبکہ کے الیکٹرک کے عملے نے بحالی کے کام کا آغاز فوراً ہی کردیا تھا دھابیجی پمپنگ اسٹیشن پر بجلی کی بحالی ہماری اولین ترجیح ہے اور جلد از جلد بحالی کا امکان ہےدریں اثنا واٹر اعلامیے کے مطابق کے الیکٹرک حکام نے بدھ کی شام ایم ڈی واٹر بو ر ڈ سے رابطہ کیا اور انہیں 17اگست کی دوپہر دھابیجی گرڈ اسٹیشن پر ہونے والے آتشزدگی کے واقعہ کی تفصیلات سے آگاہ کیا ،اس موقع پر ایم ڈی واٹربورڈ نے اس حادثہ پر کے الیکٹرک کے حکام سے تشویش اورافسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ حادثہ شدید تھا خدا کا شکر ہے کہ اس دوران کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ، ایم ڈی واٹربورڈ نے کے الیکٹرک حکام کو واٹربورڈ کی جانب سے بھر پور تعاون کی پیشکش کی ،کے الیکٹرک حکام نے ایم ڈی واٹربورڈ کے اس جذبہ کو سراہتے ہوئے شکریہ ادا کیا اور ان کو یقین دلایا ہے کہ رات 10بجے تک دھابیجی پمپنگ اسٹیشن کی بجلی بحال کردی جائے گی بعد ازاں ایم ڈی واٹربورڈ نے تمام واقعہ اور کے الیکٹرک حکام کی یقین دہانی سے صوبائی وزیر بلدیات اور چیئرمین واٹر بو ر ڈ جام خان شورو کو آگاہ کیا۔