دو دن گراوٹ کے بعد پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) کا ہنڈریڈ انڈیکس کم کاروباری حجم کے باوجود مثبت رہا۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے آبنائے ہرمز سے گذرنے والے جہازوں سے 20 فیصد سیکیورٹی فیس وصولی نہ لینے کے اعلان پر پی ایس ایکس کا 100 انڈیکس 1766 پوائنٹس اضافے سے ایک لاکھ 75 ہزار 285 پر بند ہوا۔
ماہرین کے مطابق رواں ہفتے کے ابتدائی دو روز میں تقریباً 9 ہزار پوائنٹس کی گراوٹ کے بعد انڈیکس نے آج ریکوری کی ہے تاہم لیکن چونکہ یہ واپسی کم کاروباری حجم پر ہوئی ہے اس لیے سرمایہ کاری محتاط رہے گی جبکہ مشرق وسطیٰ صورتحال سے مستقبل میں بازار کی سمت کا تعین ہوگا۔
حصص بازار میں آج 58 کروڑ شیئرز کے سودے 26 ارب روپے میں طے ہوئے۔
اسی طرح مارکیٹ کیپٹلائزیشن 199 ارب روپے بڑھ کر 19 ہزار 782 ارب روپے ہوگئی ہے۔