امریکی ماہرینِ جلد ڈاکٹر اینیٹ زرنک اور ڈاکٹر شمسہ کنول کے مطابق ناخن جسمانی صحت کے بارے میں سب سے پہلے خبردار کرتے ہیں۔
ناخنوں میں ہونے والی درج ذیل پانچ تبدیلیاں کسی سنگین بیماری کا اشارہ ہو سکتی ہیں۔
1۔ ناخنوں کا مڑ جانا: پھیپھڑوں اور دل کی بیماری
اگر انگلیاں آگے سے سوج کر گول ہو جائیں اور ناخن الٹے چمچ کی طرح نیچے کی طرف مڑنے لگیں تو طبی اصطلاح میں اسے 'کلبنگ' کہتے ہیں۔
ایسا عام طور پر خون میں آکسیجن کی طویل مدتی کمی کی وجہ سے ہوتا ہے۔ یہ علامت پھیپھڑوں کے سنگین امراض اور دل کے اندرونی حصے کے انفیکشن کی وجہ سے ظاہر ہوتی ہے۔
2۔ ناخنوں کا اندر کو دھنس جانا: خون کی کمی
اگر ناخن درمیان سے چمچ کی طرح اندر کو دھنس جائیں، تو یہ جسم میں آئرن کی شدید کمی اور اینیمیا (خون کی کمی) کا واضح اشارہ ہے۔ آئرن کی کمی سے ناخن کو انگلی سے جوڑنے والے ٹشوز کمزور پڑ جاتے ہیں۔
3۔ سیاہ یا بھوری لکیریں: جلد کا کینسر
کسی چوٹ کے بغیر ناخن پر لمبائی میں اچانک ابھرنے والی کالی یا بھوری لکیر کو کبھی معمولی نہ سمجھیں۔ ڈاکٹر زرنک کے مطابق یہ ناخن کے نیچے ہونے والے ’میلانلوما‘ کی علامت ہو سکتی ہے جو جلد کے کینسر کی مہلک ترین قسم ہے۔ بروقت تشخیص نہ ہونے پر یہ کینسر تیزی سے جسم کے دیگر حصوں میں پھیل جاتا ہے۔
4۔ ناخنوں کا ٹوٹنا اور تہہ اترنا: تھائیرائڈ کی خرابی
بار بار ہاتھ دھونے یا نیل پالش ریموور کے استعمال کے علاوہ ناخنوں کا کمزور ہو کر ٹوٹنا یا ان کی تہہ اترنا ’تھائیرائڈ‘ کی بیماری کی علامت ہو سکتا ہے۔
یہ بیماری جسم کا میٹابولزم سست کر دیتی ہے جس سے ناخن بنانے والا پروٹین ’کیراٹن‘ صحیح طرح نہیں بن پاتا۔ اس کے علاوہ زنک، بائیوٹین اور وٹامن B12 کی کمی بھی اس کی وجہ بنتی ہے۔
5۔ رنگت کا تبدیل ہونا: انفیکشن یا آکسیجن کی کمی
ارد گرد سرخی یا سوجن ناخن کے اطراف کی جلد کے انفیکشن کو ظاہر کرتی ہے جو ناخن چبانے یا کٹ لگنے سے بیکٹیریا کے داخل ہونے کی وجہ سے ہوتی ہے۔
نیلا یا پیلا پڑنے سے ناخن کا نیلا پڑنا جسم میں آکسیجن کی شدید کمی، جبکہ پیلا پڑنا جگر یا سانس کی بیماریوں کی طرف اشارہ کرتا ہے۔
نوٹ: یہ ایک معلوماتی مضمون ہے، اپنی کسی بھی بیماری کی تشخیص اور اس کے علاج کےلیے ڈاکٹر سے رجوع کریں۔