واشنگٹن میں پاکستانی سفارتخانے کے زیرِ اہتمام مینگو فیسٹیول کا انعقاد کیا گیا، جس میں امریکی انتظامیہ کے اہلکاروں، تھنک ٹینکس اور میڈیا نمائندگان نے شرکت کی۔
تقریب سے رکنِ کانگریس، امورِ خارجہ کمیٹی کے رکن اور سابق نیوی سیل ریان زنکے نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاک امریکا دوستی اس وقت تاریخ کی بلند ترین سطح پر ہے۔
اس موقع پر امریکا میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ نے کہا کہ پاکستانی آم کے ذائقے کا سفر صدیوں پر محیط ہے۔
انہوں نے کہا کہ مینگو فیسٹیول میں بھرپور شرکت پاکستان کی بڑھتی ہوئی مقبولیت کی عکاس ہے۔
رضوان سعید شیخ کا کہنا ہے کہ پاکستانی آموں کی مٹھاس پاک امریکا دوستی کو مزید میٹھا بناتی ہے، جبکہ ہمارے آموں کا ذائقہ ہماری زرعی صلاحیت کا منہ بولتا ثبوت بھی ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ پاک امریکا دوستی کو ہمارے آم جیسا لاثانی ذائقہ دینے کے لیے ہمیں عملی اقدامات کرنا ہوں گے۔