اسپین کے شاہی خاندان نے فیفا ورلڈ کپ 2026ء میں تاریخی کامیابی کا جشن گراؤنڈ میں اپنی فٹبال ٹیم کے ساتھ مل کر منایا۔
اسپین کے شاہ فیلپ اور ملکہ لیٹیزیا اپنی دونوں بیٹیوں شہزادی لیونور اور انفینٹا صوفیہ کے ساتھ نیویارک نیو جرسی اسٹیڈیم میں فائنل میچ دیکھنے آئے اور تاریخی کامیابی کے بعد اپنی فٹبال ٹیم کے ساتھ مل کر جشن بھی منایا۔
اسپین کے بادشاہ نے فتح کے بعد اپنی فٹبال ٹیم سے ملاقات کی اور فخر سے ٹرافی تھامے ان کے ساتھ تصاویر بھی بنوائیں۔
صرف اتنا ہی نہیں شاہی خاندان کے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر موجود آفیشل اکاؤنٹ پر قومی ٹیم کے لیے ایک جذباتی پیغام بھی جاری کیا۔
شاہی خاندان کی جانب سے جاری کردہ پیغام میں لکھا ہے کہ یہ ٹرافی اس سفر کا صلہ ہے جس میں ٹیم نے ہر میچ کے دوران محنت، قربانی، استقامت اور مثالی لگن کا مظاہرہ کیا۔
پیغام میں لکھا ہے کہ آپ نے بالکل ایک عظیم ٹیم کی طرح پورے عزم کے ساتھ ہر چیلنج کا سامنا کیا ہے اور اسپین کا نام روشن کیا ہے۔
پیغام کے آخر میں کھلاڑیوں، کوچنگ اسٹاف اور تمام شائقین کو شاندار فتح پر مبارکباد بھی دی گئی ہے۔