• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پرکاش راج کی کاکروچ جنتا پارٹی کے احتجاج پر بالی ووڈ کی خاموشی پر تنقید

فوٹو: بھارتی میڈیا
فوٹو: بھارتی میڈیا 

معروف بھارتی اداکار پرکاش راج نے حکومت کے خلاف کاکروچ جنتا پارٹی کے احتجاج پر بالی ووڈ فنکاروں کو خاموشی اختیار کرنے  پر تنقید کا نشانہ بنایا۔

پرکاش راج نے ایک بار پھر کاکروچ جنتا پارٹی اور سماجی کارکن سونم وانگچک کی حمایت کا اظہار کرتے ہوئے مارچ کے دوران بھارتی آئین کی کاپی ہاتھ میں اٹھا کر شرکا کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کیا۔

ایک انٹرویو میں پرکاش راج نے احتجاج پر بالی ووڈ کی خاموشی پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جو لوگ بولتے ہیں، دنیا انہیں دیکھ رہی ہے کہ کون عوام کے ساتھ کھڑا ہوتا ہے۔

جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا وہ فلمی صنعت کے ردعمل سے مطمئن ہیں، تو انہوں نے کہا کہ یہ خوش یا ناخوش ہونے کا معاملہ نہیں بلکہ ایسے مواقع پر لوگوں کی اصل پہچان سامنے آتی ہے۔

اداکار نے مزید کہا کہ ایسی تحریکیں بتاتی ہیں کہ کس میں دیانت داری ہے اور کون عوام کے ساتھ کھڑا ہونے کا حوصلہ رکھتا ہے۔ بہت سے لوگوں کے پاس مضبوط آواز اور بڑا پلیٹ فارم ہے، کاش وہ اسے ایسے مواقع پر استعمال کرتے۔ اگر انہوں نے ایسا نہیں کیا تو عوام خود فیصلہ کریں گے۔

پرکاش راج نے کہا کہ جب کل تاریخ لکھی جائے گی تو غلطی کرنے والوں کو شاید معاف کر دیا جائے، لیکن خاموش رہنے والوں کو کبھی معاف نہیں کیا جائے گا۔

خیال رہے کہ پرکاش راج گزشتہ چند ہفتوں سے طلبہ کی قیادت میں ہونے والے احتجاج اور سونم وانگچک کی بھوک ہڑتال کی مسلسل حمایت کرتے رہے ہیں۔

انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر احتجاج کی ویڈیوز اور تصاویر بھی شیئر کیں، جن میں وہ مظاہرین سے خطاب کرتے اور سونم وانگچک کے ساتھ موجود دکھائی دے رہے ہیں۔

اس احتجاج میں اداکارہ شبانہ اعظمی اور پونم پانڈے بھی شریک ہوئیں، جبکہ رتیک روشن، وشال ددلانی، سوناکشی سنہا اور چنمئی سری پادا سمیت متعدد فنکاروں نے سوشل میڈیا پر سونم وانگچک سے اظہارِ یکجہتی کیا۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید