• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عدالتی کارکردگی میں نمایاں پیشرفت: چھ ماہ میں لاکھوں مقدمات کا تصفیہ

اسلام آباد (قاسم عباسی) عدالتی کارکردگی میں نمایاں پیشرفت: چھ ماہ میں لاکھوں مقدمات کا تصفیہ، 2025ء کی پہلی چھ ماہی میں عدلیہ نے 29 لاکھ سے زائد مقدمات نمٹا دیے، لا اینڈ جسٹس کمیشن کی رپورٹ۔ تفصیلات کے مطابق سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پاکستان کے عدالتی نظام نے 2025ء کی پہلی چھ ماہی کے دوران 29 لاکھ سے زائد مقدمات کامیابی سے نمٹا دیے ہیں۔ پاکستان فریڈم رپورٹ (مشال پاکستان) کی جانب سے جاری کردہ ’’لاء اینڈ جسٹس کمیشن آف پاکستان‘‘ کے سرکاری اعداد و شمار کے مطابق، 1 جنوری سے 30 جون 2025ء کے دوران ملک بھر کے عدالتی نظام میں زیر التوا مقدمات کی مجموعی تعداد 2371227 تھی۔ اس چھ ماہ کے عرصے میں ملک بھر کی عدالتوں میں کل 2807674 نئے مقدمات درج کیے گئے، جبکہ اسی دوران 2901440 مقدمات کا کامیابی سے تصفیہ کیا گیا۔ نتیجتاً، زیر التوا مقدمات کی مجموعی تعداد میں 100643 کی کمی واقع ہوئی، جس سے قومی سطح پر دائر التوا مقدمات کا حجم گھٹ کر 2270584 رہ گیا۔ سال 2025ء کے پہلے چھ ماہ کے دوران پاکستان کی عدالتوں نے زیر التوا مقدمات کے مجموعی حجم کو کم کرنے میں نمایاں پیش رفت کی، جس کی بنیادی وجہ اعلیٰ عدالتوں اور پنجاب، سندھ، خیبر پختونخوا اور اسلام آباد کی ضلعی عدلیہ میں مقدمات نمٹانے کی اعلیٰ شرح رہی۔ تاہم، بلوچستان اس معاملے میں استثنیٰ ثابت ہوا، جہاں ہائی کورٹ اور ضلعی عدالتوں دونوں میں زیر التوا مقدمات کی تعداد میں اضافہ دیکھا گیا۔ اعلیٰ عدالتوں،جن میں سپریم کورٹ آف پاکستان، وفاقی شرعی عدالت اور پانچوں ہائی کورٹس شامل ہیں،نے سال کا آغاز 406379 زیر التوا مقدمات کے ساتھ کیا۔ 2025ء کی پہلی چھ ماہی کے دوران، ان عدالتوں میں 127901 نئے مقدمات دائر کیے گئے جبکہ 147702 مقدمات فیصل ہوئے، جس کے نتیجے میں زیر التوا کیسز کی مجموعی تعداد کم ہوکر 361677 رہ گئی۔ سپریم کورٹ آف پاکستان نے اپنے زیر التوا مقدمات کا حجم 57403 سے کم کرکے 56145 کر دیا، اس عرصے کے دوران عدالت عظمیٰ میں 9685 نئے مقدمات دائر ہوئے جبکہ 11888 مقدمات کا تصفیہ کیا گیا۔ وفاقی شرعی عدالت نے بھی اپنے زیر التوا مقدمات کی تعداد 78 سے کم کر کے 65 کر دی، جہاں 31 نئے مقدمات دائر ہوئے جبکہ 44 کیسز کا تصفیہ کیا گیا۔ لاہور ہائی کورٹ نے زیر التوا مقدمات کی مجموعی تعداد 198005 سے کم کرکے 188077 کر دی۔ اس عرصے میں 74010 نئے مقدمات دائر ہوئے جبکہ 83938 مقدمات کا تصفیہ کیا گیا۔ سندھ ہائی کورٹ نے بھی اپنے زیر التوا مقدمات کے بوجھ میں نمایاں کمی کرتے ہوئے اس تعداد کو 86421 سے گھٹا کر 57289 کر دیا، جس میں 17699 نئے مقدمات کے اندراج اور 24677 کیسز کے تصفیے نے اہم کردار ادا کیا۔ پشاور ہائی کورٹ نے اپنے زیر التوا مقدمات کی تعداد 40667 سے کم کرکے 35441 کر دی، جہاں 17156 نئے مقدمات درج ہوئے جبکہ 18380 کیسز کا تصفیہ کیا گیا۔

اہم خبریں سے مزید