جرمنی کے تاریخی شہر ہائیڈل برگ میں دریائے نیکر (River Neckar) کے کنارے 'اقبال اوفر' (Iqbal-Ufer) پر ایک پروقار علمی و ادبی تقریب اور مشاعرے کا انعقاد کیا گیا۔
تقریب میں جرمنی میں پاکستان کی سفیر ثقلین سیدہ نے بحیثیت مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ اس ادبی محفل کی صدارت معروف شاعر و جرمنی کی سماجی شخصیت سید اقبال حیدر نے کی۔
نامور شخصیات، ادیبوں، شائقینِ اردو اور مقامی تنظیموں کے نمائندوں نے تقریب میں شرکت کی، جن میں ممبر پارلیمنٹ سٹی کونسل ہایئڈلبرگ وسیم بٹ، اور جرمن پروفیسر ہنس ہرڈر نمایاں تھے۔ تقریب کی خاص بات ہنس ہرڈر کی اردو زبان میں گفتگو تھی، جسے حاضرین نے بے حد سراہا۔
ہائیڈل برگ سٹی پارلیمنٹ کے نمائندے وسیم بٹ نے کہا 2027 میں علامہ اقبال کی 150 سالگرہ کے تقاریب ہائیڈل برگ میں شان و شوکت سے منائی جائیں گی۔
اپنے خطاب کے دوران سفیرِ پاکستان ثقلین سیدہ نے اردو زبان وادب کی عالمی سطح پر ترویج اور دیارِ غیر میں پاکستانی ثقافت کو زندہ رکھنے میں ایسے مشاعروں اور ادبی محفلوں کی اہمیت پر زور دیا۔ انکا کہنا تھا کہ ہائیڈل برگ یونیورسٹی میں علامہ اقبال چیئر کی بحالی آخری مراحل میں ہے۔
انہوں نے شاعرِ مشرق علامہ محمد اقبال کے فکر و فلسفے اور جرمنی خصوصاً ہائیڈل برگ سے ان کے گہرے تاریخی وعلمی تعلق کو اجاگر کیا۔ سفیرِ پاکستان نے سید اقبال حیدر کو اس خوبصورت فرشی مشاعرے کے انعقاد پر خراجِ تحسین پیش کیا ۔
تقریب کے میزبان سید اقبال حیدر نے ہائیڈل برگ شہر اور خصوصاً دریائے نیکر کے ساحل (اقبال اوفر) کے ساتھ علامہ اقبال کے تاریخی اور فکری رشتے پر روشنی ڈالی اور اس بات پر زور دیا کہ اقبال کا پیغامِ خودی اور انسانیت آج بھی مغرب اور مشرق کے درمیان ایک مضبوط فکری پل کی حیثیت رکھتا ہے۔
سفیرِ پاکستان نے تقریب کے شرکاء کو ایک بڑی خوشخبری سناتے ہوئے اعلان کیا کہ "ہائیڈل برگ یونیورسٹی میں اقبال چیئر کی بحالی کے عملی اقدامات آخری مراحل میں داخل ہو چکے ہیں، جس سے پاکستان اور جرمنی کے درمیان تعلیمی و ثقافتی روابط کو ایک نئی تقویت ملے گی۔
تقریب کا اختتام ایک شاندار مشاعرے پر ہوا جس میں یورپ بھر سے آئے شعراء نے اپنا خوبصورت کلام پیش کر کے حاضرینِ محفل سے داد حاصل کی۔
