• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہائی کورٹ میں موبائل سگنلز بندش کیخلاف رٹ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری ہوم طلب

پشاور (نیوز رپورٹر) پشاور ہائی کورٹ نے سنٹرل جیل میں نصب موبائل جیمرز کے باعث پشاور ہائی کورٹ اور ڈسٹرکٹ کورٹس میں موبائل سگنلز کی بندش کے خلاف دائر رٹ پٹیشن پر ایڈیشنل چیف سیکرٹری (ہوم) کو آئندہ سماعت پر ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا عدالت نے قرار دیا کہ متعلقہ حکام مسئلے کے حل کے لئے کئے گئے اقدامات کی رپورٹ پیش کریں۔ جسٹس وقار احمد اور جسٹس انعام اللہ خان پر مشتمل دو رکنی بینچ نے رٹ پٹیشن کی سماعت کے بعد احکامات جاری کر دیئے۔ سماعت کے دوران پشاور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر امین الرحمان یوسفزئی ایڈووکیٹ نے عدالت کو بتایا کہ سنٹرل جیل میں نصب جیمرز کی وجہ سے گزشتہ کئی ماہ سے ہائی کورٹ اور ڈسٹرکٹ کورٹس میں موبائل سگنلز متاثر ہیں، جس سے وکلاء، سائلین اور عدالتی عملے کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تقریباً نو ماہ قبل متعلقہ اداروں نے عدالت کو مسئلہ حل کرنے کی یقین دہانی کرائی تھی، تاہم آج تک کوئی عملی پیش رفت نہیں ہوئی جسٹس وقار احمد نے ریمارکس دیے کہ عدالت پہلے ہی نیشنل ریڈیو اینڈ ٹیلی کمیونیکیشن کارپوریشن (این آر ٹی سی) سے رپورٹ طلب کر چکی ہے جبکہ ایڈووکیٹ جنرل آفس کو بھی جواب جمع کرانے کی ہدایت کی گئی تھی۔ عدالت نے این آر ٹی سی کو ہدایت کی کہ وہ رپورٹ میں واضح کرے کہ مسئلے کے حل میں کون سا ادارہ تعاون نہیں کر رہا۔ سماعت کے دوران پشاور بار کے صدر قیصر زمان ایڈووکیٹ نے موقف اختیار کیا کہ این آر ٹی سی اور محکمہ داخلہ کی جانب سے تاحال جواب جمع نہیں کرایا گیا۔
پشاور سے مزید