کراچی (اسٹاف رپورٹر)حکومت اور ریاست کے خلاف نعرے بازی کا مقدمہ بانی ایم کیو ایم کے خلاف دوبارہ کھول دیا گیا۔ مقدمے میں ایم کیو ایم کے بانی کے علاوہ موجودہ چیئرمین خالد مقبول صدیقی، ڈاکٹر فاروق ستار، سابق صوبائی وزیر رؤف صدیقی، سابق رکن قومی اسمبلی کنور نوید، سابق میئر وسیم اختر، قمر منصور اور محمود حسین کے نام بھی شامل ہیں، جبکہ ایک ہزار سے بارہ سو نامعلوم افراد کو بھی نامزد کیا گیا ہے۔مقدمے کے مطابق ملزمان نے 12 مئی 2016 کو مزار قائد کے قریب شاہراہ قائدین کو زبردستی بند کیا اور حکومت و ریاست کے خلاف نعرے بازی کی۔ انسداد دہشت گردی عدالت میں گرفتار پانچ ملزمان سید حمید پاشا، محمد تحسین، محمد عمر، مرزا وسیم اور آفاق عالم کو پیش کیا گیا جس پر عدالت نے ان کا جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا۔