• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ورلڈ کپ فائنل: ڈریسنگ روم ہنگامے کے بعد لیونل میسی نے میدان میں جانے سے پہلے کیا کیا؟ نئی ویڈیو سامنے آ گئی

---فوٹوز بشکریہ بین الاقوامی میڈیا
---فوٹوز بشکریہ بین الاقوامی میڈیا 

فیفا ورلڈ کپ 2026ء کے فائنل سے قبل ارجنٹینا کے ڈریسنگ روم میں ہونے والے ہنگامے کے بعد سامنے آنے والی نئی ویڈیو میں کپتان لیونل میسی کی سرگرمیاں واضح طور پر سامنے آ گئیں۔

بین الاقوامی میڈیا کے مطابق لیونل میسی کی وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ فٹبالر سفید جیکٹ پہنے ڈریسنگ روم سے ٹیم کی قیادت کرتے ہوئے باہر نکلتے ہیں جبکہ ساتھی کھلاڑی اور معاون عملہ ’چلو لڑکو‘ کے نعروں سے ٹیم کا حوصلہ بڑھاتے ہیں۔

ویٹنگ روم میں پہنچنے کے بعد میسی نے اسپین کے کھلاڑیوں سے مصافحہ کیا، ان کے کندھوں پر ہاتھ رکھا اور بعض کھلاڑیوں کو گلے بھی لگایا، خصوصاً ان کھلاڑیوں کو جن کا تعلق ان کے سابق کلب بارسلونا سے رہا ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل اطلاعات سامنے آئی تھیں کہ فائنل شروع ہونے سے چند لمحے قبل ڈریسنگ روم میں کھلاڑیوں کا آپس میں جھگڑا ہوا تھا جس پر میسی نے ڈریسنگ روم میں ساتھی کھلاڑیوں کو پرسکون کرتے ہوئے کہا تھا کہ آج اپنے اندر موجود چپقلش، ناگواری اور تمام باتیں بھلا کر صرف میچ پر توجہ دیں۔

دوسری جانب ورلڈ کپ فائنل میں شکست کے بعد لیونل میسی اپنے آبائی شہر روزاریو واپس پہنچ گئے ہیں۔

رپورٹس کے مطابق میسی اپنی اہلیہ انتونیلا روکوزو اور 3 بچوں کے ہمراہ وطن واپس پہنچے ہیں جبکہ ان کے 68 سالہ والد خورخے جو ایک نامعلوم بیماری کے باعث زیرِ علاج ہیں، روزاریو میں ان کے منتظر تھے۔

ان کا نجی طیارہ فورٹ لاڈرڈیل سے پرواز کے بعد روزاریو کے قریب اترا تاہم انہوں نے مداحوں سے ملاقات نہیں کی۔

گزشتہ روز میسی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر اپنے پیغام میں کہا تھا کہ دکھ بہت گہرا ہے اور اس زخم کو بھرنے میں وقت لگے گا، لیکن مجھے ان تمام خوبصورت یادوں، پوری قوم کی حمایت اور اپنی ٹیم کی محنت پر فخر ہے جس نے ہمیں ایک بار پھر دنیا کی بہترین ٹیموں میں شامل کیا۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید