بالی ووڈ کے سلطان سلمان خان نے سونم وانگچک سے بھوک ہڑتال ختم کرنے کی اپیل کردی جبکہ طلبہ کو بھی گھر لوٹنے کا مشورہ دے دیا۔
نیٹ (NEET) پیپر لیک تنازع پر طلبا کے احتجاج سے یکجہتی کے لیے اسپتال میں بھوک ہڑتال پر بیٹھے معروف سماجی کارکن سونم وانگچک کی حمایت میں سلمان خان نے سوشل میڈیا پر ایک خاص پیغام شیئر کیا ہے۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام پر اپنے پیغام میں سلمان خان نے کہا، ’طلبہ ہماری پہلی ترجیح ہیں، چاہے وہ تعلیم ہو یا سیکیورٹی۔ اس لیے طلبہ اور ان کے والدین کو پریشان ہونے کی ضرورت نہیں۔‘
ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے سخت کارروائی کا یقین دلایا ہے، اس لیے تمام طلبہ سے گزارش ہے کہ وہ واپس اپنے گھروں اور والدین کے پاس لوٹ جائیں۔
سونم وانگچک کو مخاطب کرتے ہوئے سلمان نے محبت بھرے انداز میں لکھا، ’بس بہت ہو گیا بھائی، اسے مزید مت بڑھاؤ۔ اپنی طاقت کسی اور دن کے لیے بچا کر رکھو اور کچھ کھا لو۔ اگر چاہو تو میں تمہیں اپنے گھر سے کھانا بھیج دیتا ہوں۔‘
لداخ سے تعلق رکھنے والے ماحولیاتی کارکن سونم وانگچک پیپر لیک معاملے پر وفاقی وزیرِ تعلیم کے استعفے کے مطالبے پر 28 جون سے بھوک ہڑتال پر ہیں۔
دہلی پولیس نے حالت خراب ہونے پر انہیں پہلے صفدر جنگ اور بعد میں گروگرام کے میڈانتا اسپتال منتقل کیا جہاں وہ زیرِ علاج ہیں۔
سونم وانگچک نے ایک ویڈیو پیغام میں کہا کہ اگر حکومت مظاہرین پر درج مقدمات اور پولیس کارروائی نہ کرنے کی ضمانت دے، تو وہ اپنی بھوک ہڑتال ختم کرنے کو تیار ہیں۔