پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی اوپنر گل فیروزہ کا کہنا ہے کہ سنچری مکمل نہ کرنے کا افسوس ہوتا ہے، پلان تھا کہ میچ فنش کرکے واپس آؤں
پی سی بی ڈیجیٹل سے بات چیت کے دوران گل فیروزہ نے کہا کہ دوسرے میچ کے لیے بھی اچھی کارکردگی کیلئے پُرامید ہوں۔
انہوں نے کہا کہ خوشی ہے کہ رنز کیے اور پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ حاصل کیا، رنز بنانے کے لیے بہت پُراعتماد تھی، خوشی ہے کہ ٹیم کی جیت میں کردار ادا کیا۔
پاکستانی ویمن ٹیم کی اوپنر کا کہنا تھا کہ بولرز نے بہت اچھی بولنگ کی اور میچ میں بہترین کم بیک کیا، سری لنکا ویمن کو زیادہ رنز بنانے کا موقع نہیں دیا۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ پارٹنرشپ کیلئے سادہ پلان تھا کہ گیند کو اس کی میرٹ پر کھیلنا ہے، ہمارا فیصلہ تھا کہ میں اٹیکنگ کھیل جاری رکھوں۔
گل فیروزہ کا کہنا تھا کہ یہ ہمارے لیے ایک اچھا آغاز ہے، پہلے میچ میں کامیابی حاصل ہوئی۔ ہم مثبت ذہن کے ساتھ آگے بڑھیں گے، اچھی کارکردگی کی کوشش ہوگی۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ آئی سی سی ویمن چیمپئن شپ میں کوشش ہوگی کہ سیریز تین صفر سے جیتیں۔