امریکی سینٹرل کمانڈ سینٹکام نے کہا ہے کہ اس نے ایران کے خلاف مسلسل 13 ویں رات بھی فضائی کارروائیاں مکمل کر لی ہیں۔
سینٹکام کے مطابق کارروائیوں کا مقصد آبنائے ہرمز سے گزرنے والے تجارتی بحری جہازوں اور شہری جہاز رانی کو لاحق خطرات کو مزید کم کرنا ہے۔
سینٹکام کی جانب سے جاری بیان کے مطابق 23 جولائی کو امریکی وقت کے مطابق رات 9 بجے کیے گئے حملوں میں ایران کے فوجی کمانڈ سینٹرز، ڈرون ذخیرہ گاہوں، مواصلاتی نیٹ ورکس، ساحلی نگرانی کے مراکز اور بحری عسکری صلاحیتوں کو نشانہ بنایا گیا۔
بیان میں کہا گیا کہ ایران کی اسلامی انقلابی گارڈ کور (IRGC) کی حالیہ کارروائیوں کے باوجود آبنائے ہرمز بین الاقوامی بحری آمد و رفت کے لیے کھلی ہوئی ہے اور امریکی فوج کی معاونت سے تجارتی بحری جہاز معمول کے مطابق اس اہم آبی گزرگاہ سے گزر رہے ہیں۔
سینٹکام کے مطابق اس وقت 50 ہزار سے زائد امریکی فوجی اہلکار مشرقِ وسطیٰ میں مختلف مقامات پر تعینات ہیں اور خطے میں امریکی کارروائیاں جاری ہیں۔