سابق بھارتی بیٹنگ کوچ سنجے بنگر کی صاحبزادی انایا بنگر نے جنس کی تبدیلی کے آپریشن کے بعد شادی، ماں بننے اور اپنی نئی زندگی سے متعلق کھل کر گفتگو کی ہے۔
ایک حالیہ انٹرویو میں انایا بنگر نے بتایا کہ میں مستقبل میں شادی اور بچوں کی خواہش رکھتی ہوں، مجھے بچے بہت پسند ہیں مگر اس وقت میری تمام توجہ آپریشن کے بعد اپنی صحت کی بحالی پر ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ ابھی شادی کا ارادہ نہیں کیونکہ میرے لیے یہ نئی زندگی کا آغاز ہے۔
ماں بننے سے متعلق سوال کے جواب میں انایا نے کہا کہ میں بچوں کی خواہش رکھتی ہوں لیکن جنس کی تبدیلی کے آپریشن کے بعد میں قدرتی طور ماں نہیں بن سکتی۔
انہوں نے بتایا کہ جنس کی تبدیلی کے آپریشن کے بعد سروگیسی کی مدد سے ماں بن سکتی ہوں اور بچے کو گود لینا بھی ایک ممکنہ راستہ ہو سکتا ہے۔
انایا بنگر نے بتایا کہ آپریشن کے بعد میرے والدین نے مجھے مکمل طور پر اپنی بیٹی کے طور پر قبول کر لیا ہے اور اب وہ میرے لیے مؤنث الفاظ استعمال کرتے ہیں۔
انایا بنگر نے یہ بھی انکشاف کیا کہ میرا جنس کی تبدیلی کا سفر 2023ء میں ہارمون تھیراپی سے شروع ہوا تھا، جسمانی اور نفسیاتی تبدیلیوں کے بعد میں نے تقریباً 4 ماہ قبل ہی تھائی لینڈ میں جنس کی تبدیلی کا آپریشن کروایا ہے۔