بھارت میں نیٹ پیپر لیکس تنازع اور طلبہ کے مظاہروں پر سلمان خان، عالیہ بھٹ اور کرینہ کپور جیسے بڑے ستاروں کی جانب سے آواز اٹھائے جانے کے بعد عامر خان کی بیٹی آئرا خان نے اپنی خاموشی پر ردِعمل دیا ہے۔
انسٹاگرام پر ایک طویل ویڈیو شیئر کرتے ہوئے مینٹل ہیلتھ ایکٹیوسٹ آئرا خان نے کہا، ’میں ذہنی صحت کی علمبردار ہوں اور عام طور پر خبروں اور تشدد کی ویڈیوز سے دور رہتی ہوں، کیونکہ یہ باتیں مجھے اندر سے بےبس اور پریشان کر دیتی ہیں۔‘
انہوں نے کہا کہ میں نے احتجاج کی ویڈیوز نہیں دیکھیں اور نہ ہی سوشل میڈیا کے ذریعے خود کو جذباتی طور پر اس سے متاثر ہونے دیا۔ اگر میرے نہ بولنے سے کسی کو لگا کہ مجھے پروا نہیں، تو میں معذرت خواہ ہوں، میرا مقصد کسی کو دکھ پہنچانا نہیں تھا۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ جب انہیں ان کی کزن کی احتجاج میں گرفتاری کی خبر ملی تو وہ شدید پریشان ہو گئی تھیں، تاہم اس کی خیریت کی اطلاع ملتے ہی وہ دوبارہ اپنے کام میں مصروف ہو گئیں۔
آئرا نے ویڈیو کے کیپشن میں لکھا کہ وہ اس بات کو تسلیم کرتی ہیں کہ خبروں اور احتجاج سے آنکھیں چرانا ان کا ایک ’امتیاز‘ ہے اور وہ اس بات کو سمجھنے کی کوشش کر رہی ہیں کہ وہ اپنی صلاحیتوں کے مطابق کیا مثبت کردار ادا کر سکتی ہیں۔
یاد رہے کہ نئی دہلی کے جنتر منتر پر نیٹ پیپر لیک کے خلاف ’کاکروچ جنتا پارٹی‘ اور سماجی کارکن سونم وانگ چک کی قیادت میں طلبہ کا احتجاج جاری ہے، جہاں وہ وفاقی وزیرِ تعلیم دھرمیندر پردھان سے استعفے اور تعلیمی نظام میں اصلاحات کا مطالبہ کر رہے ہیں۔